9 مئی کے 3 مقدمات کا فیصلہ؛ 196 ملزمان کو سزائیں سنادی گئیں

Verdict in three May 9 cases: 196 accused sentenced
فیصل آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کے 3 مختلف مقدمات میں 196 ملزمان کو سزائیں سنا دیں۔
فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے پرتشدد واقعات سے متعلق تین مختلف مقدمات میں اہم فیصلے سناتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنماؤں عمر ایوب، شبلی فراز، زرتاج گل اور دیگر 196 ملزمان کو سزائیں سنا دیں۔
عدالت نے 9 مئی کے دو مقدمات میں 168 افراد کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی، جبکہ حساس ادارے پر حملے کے مقدمے میں 185 میں سے 108 ملزمان کو سزا اور باقی کو بری کر دیا گیا۔
تھانہ غلام محمد آباد میں درج مقدمے میں 67 ملزمان کے خلاف کارروائی کی گئی، جن میں سے 60 کو سزائیں اور 7 کو بری کر دیا گیا۔ عمر ایوب، شبلی فراز، زرتاج گل اور قومی اسمبلی کے رکن صاحبزادہ حامد رضا کو بھی 10، 10 سال قید کی سزا سنائی گئی، جبکہ جنید افضل ساہی کو 3 سال قید کی سزا دی گئی، جو ان مقدمات میں سب سے کم سزا ہے۔
عدالت نے خیال کاسترو، فواد چوہدری اور شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے زین قریشی کو بری کر دیا۔ تیسرے مقدمے میں، جو تھانہ سول لائن فیصل آباد میں درج تھا، 32 افراد پر فرد جرم عائد کی گئی جن میں سے 28 کو 10 سال قید کی سزا سنائی گئی جبکہ 4 ملزمان بری ہو گئے۔ اس مقدمے میں مجموعی طور پر 107 افراد نامزد تھے۔
چند روز قبل بھی انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں احمد چٹھہ، احمد خان بھچر، ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید سمیت متعدد افراد کو 9 مئی کے مقدمات میں قصوروار قرار دیتے ہوئے 10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












