بدھ، 25-مارچ،2026
منگل 1447/10/05هـ (24-03-2026م)

شہری ہو جائیں ہوشیار!ً! ایک اور شہر سے گدھے کا گوشت برآمد

01 اگست, 2025 13:24

اسلام آباد سے گدھے کے گوشت کی برآمدگی کے بعد دیگر شہروں سے بھی ایسی خبریں سامنے آرہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا کے علاقے کوزہ بانڈہ کے بعد اب پنجاب کے شہر قصور میں بھی گدھے کے گوشت کی برآمدگی کا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ قصور کے علاقے کوٹلی رائے ابو بکر، جو تھانہ شیخم کی حدود میں آتا ہے، وہاں بعض افراد گدھے کو ذبح کرکے اس کی کھال اتار رہے تھے۔

اطلاع ملنے پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے موقع سے گدھے کا گوشت برآمد کر لیا اور ایک ملزم کو گرفتار کر لیا، جبکہ تین افراد موقع سے فرار ہو گئے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

اس سے قبل ا یڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر بٹگرام نے کوزہ بانڈہ کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے ذبح شدہ گدھا برآمد کیا تھا۔ یہ واقعہ نہ صرف مقامی آبادی کے لیے تشویش کا باعث بنا بلکہ پورے ملک میں صحت عامہ اور خوراک کے معیار پر سوالیہ نشان کھڑے کر دیے۔ بٹگرام میں گرفتار ہونے والے دونوں ملزمان کا تعلق مانسہرہ سے بتایا گیا ہے اور وہ لائسنس یافتہ قصائی نہیں تھے۔

حکام کو شبہ ہے کہ گدھے کا یہ گوشت مقامی مارکیٹوں میں فروخت کے لیے سپلائی کیا جانا تھا، تاہم معاملے کی مکمل تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور فوڈ ڈیپارٹمنٹ کو بھی صورتِ حال سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ پولیس اس پہلو پر بھی تحقیقات کر رہی ہے کہ برآمد شدہ گوشت کس جگہ اور کن افراد کو سپلائی کیا جانا تھا، اور اس مکروہ دھندے میں مزید کون لوگ شامل ہیں۔

گرفتار ملزمان کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 272 اور 273 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، جو مضر صحت اشیاء کی تیاری اور فروخت جیسے جرائم پر لاگو ہوتی ہیں۔ ان واقعات نے عوامی سطح پر شدید غم و غصہ پیدا کر دیا ہے اور شہریوں نے متعلقہ اداروں سے خوراک کی نگرانی کا نظام مؤثر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔