بدھ، 25-مارچ،2026
منگل 1447/10/05هـ (24-03-2026م)

امریکی صدر سے والد کی رہائی کے لئے مدد کی امید ہے، قاسم خان

02 اگست, 2025 08:45

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی کے بیٹے قاسم خان نے کہا ہے کہ ہمیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے والد کی رہائی کے لئے مدد کی امید ہے۔

بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں نے حال ہی میں برطانوی صحافی پیئرز مورگن کو انٹرویو دیا جس میں قاسم خان اور سلیمان خان نے والد کی رہائی پر تفصیلی بات چیت کی۔

دوران انٹرویو جب قاسم خان سے پوچھا گیا کہ کیا ان کا ٹرمپ کے لیے کوئی پیغام ہے؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک ایسی شخصیت ہیں جو ان کے قید والد کے کیس میں فرق ڈال سکتے ہیں۔

قاسم خان نے کہا کہ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھی اور سوشل میڈیا پر عمران خان کی رہائی کا مطالبہ والے رچرڈ گرینل سے بھی ملاقات کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم جانتے ہیں کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ہمارے والد کے درمیان اچھے تعلقات تھے، جب دونوں عہدے پر تھے تو ان کی بات چیت زبردست ہوتی تھی اور وہ دونوں ایک دوسرے کا احترام کرتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ٹرمپ کوئی بیان دیں یا کسی بھی طریقے سے پاکستان میں اسٹیبلشمنٹ سے بات کریں تاکہ ہمارے والد کو رہا کیا جائے، اس لیے ہم یقیناً اُن سے بات کرنا چاہیں گے یا ان سے مدد یا حمایت کی امید رکھتے ہیں۔

قاسم خان کا کہنا تھا کہ وہ اور سلیمان عام طور پر عوامی سطح پر بات نہیں کرتے لیکن اب وہ اتنے عرصے سے اپنے والد سے رابطے میں نہ رہنے کی وجہ سے مایوس ہو چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب ہم نے پاکستان جانے کا ارادہ ظاہر کیا تو پاکستانی حکومت کے کچھ لوگوں نے ہمیں کہا کہ ہمیں گرفتار کر لیا جائے گا، ہمیں خاندان کے افراد، اندرونی ذرائع اور مختلف افراد کی طرف سے اسی طرح کی وارننگز ملی ہیں، ہم ویزا حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اس کے باوجود ہم نے ویزا کے لیے درخواست دی ہوئی ہے لیکن ابھی تک کوئی جواب نہیں آیا، دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ دونوں پاکستان جا کر گرفتار ہونے کے لیے تیار ہیں، ہم کچھ عرصے سے جانے کی کوشش کر رہے ہیں، جو ہوگا، سو ہوگا لیکن ہم 100 فیصد ضرور جائیں گے، چاہے کسی کو اچھا لگے یا نہ لگے۔

اس موقع پر بانی پی ٹی آئی کے بڑے بیٹے سلیمان خان نے کہا کہ انہیں اپنے والد سے آخری بار ملاقات کیے 3 سال کا عرصہ ہو چکا ہے اور 4 ماہ سے ان کی والد سے کوئی بات نہیں ہوئی، یہ صورتحال انتہائی تکلیف دہ ہے کیونکہ وہ پہلے اپنے والد سے باقاعدگی سے بات کرتے تھے۔

سلیمان خان کا کہنا تھا کہ اگر وہ پاکستان نہ بھی جا سکیں تو وہ بیرونِ ملک سے اپنے والد کی مدد کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ریاستی حکام سب سے پہلے جمہوریت کا احترام کریں، پاکستانی عوام کی مرضی کا احترام کریں جو گزشتہ سال فروری کے انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کے باوجود واضح تھی اور قانون کی حکمرانی کا احترام کرتے ہوئے والد کو منصفانہ ٹرائل کا موقع دیں۔

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی اگست 2023 سے اڈیالہ جیل میں قید ہیں، جہاں وہ 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں سزا کاٹ رہے ہیں۔

ان کے خلاف 9 مئی 2023 کے احتجاجی واقعات کے سلسلے میں انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمات بھی زیرِ سماعت ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔