بدھ، 25-مارچ،2026
منگل 1447/10/05هـ (24-03-2026م)

سینئر وکیل شمس الاسلام کے قاتل نے اعترافِ جرم کرلیا، ویڈیو بیان

02 اگست, 2025 12:34

سینئر وکیل خواجہ شمس الاسلام کے قاتل نے اعترافِ جرم کرلیا ہے۔

پولیس کو ملزم عمران آفریدی کی جانب سے اعترافِ جرم پر مبنی ویڈیو بیان موصول ہوا ہے۔ ویڈیو میں عمران آفریدی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ذاتی دشمنی اور انتقامی جذبات کے تحت خواجہ شمس الاسلام کو قتل کیا۔

ملزم کے مطابق مقتول نے مبینہ طور پر اُس کے والد کو اغوا کر کے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور بعدازاں قتل کر دیا تھا، اور دونوں کے درمیان 35 لاکھ روپے کا مالی تنازع بھی موجود تھا۔

عمران آفریدی نے کہا کہ خواجہ شمس الاسلام نے اس کے خاندان کو جھوٹے مقدمات میں الجھایا، اس کے بھائیوں پر دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج کروائے اور خواتین کو بھی غیر متعلقہ طور پر قانونی پیچیدگیوں میں ملوث کیا، جس کے باعث وہ شدید ذہنی اذیت کا شکار ہو گیا۔ اس کا کہنا تھا کہ جب اُسے قانونی نظام سے انصاف نہ ملا تو اس نے خود بدلہ لینے کا فیصلہ کیا۔

ملزم نے واضح کیا کہ اس نے قتل اکیلے کیا اور اس جرم میں اس کے کسی دوست، رشتہ دار یا عزیز کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ اس نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اپیل کی کہ اس کے اہلِ خانہ اور دوستوں کو اس واقعے میں تنگ نہ کیا جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے پوش علاقے خیابانِ راحت میں خواجہ شمس الاسلام کو قرآن اکیڈمی کے باہر اُس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنے بیٹے دانیال الاسلام کے ہمراہ نمازِ جنازہ میں شرکت کے بعد مسجد سے باہر نکل رہے تھے۔ حملہ آور نے اُس وقت فائرنگ کی جب وہ جوتے پہن رہے تھے۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ مقتول کے بھائی خواجہ فیض الاسلام کی مدعیت میں درخشاں تھانے میں درج کر لیا ہے، جس میں قتل، دہشت گردی اور دیگر سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔