منگل، 24-مارچ،2026
منگل 1447/10/05هـ (24-03-2026م)

سینکڑوں ملازمتیں؛ پاکستانی نوجوانوں کیلئے بڑی خوشخبری

05 اگست, 2025 16:33

پاکستان چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت آئندہ چند سالوں میں ملک میں ایک ہزار نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی، جن کے لیے ایسی افرادی قوت کی تیاری ناگزیر ہے جو جدید صنعتوں اور ٹیکنالوجی پر مبنی معیشت کے تقاضوں کو پورا کر سکے۔

 سی پیک کا اگلا مرحلہ کاروبار سے کاروبار، تعاون اور صنعتی ترقی پر مرکوز ہوگا جس کا مقصد پاکستان کی معیشت کو مستحکم اور دیرپا بنیادوں پر استوار کرنا ہے۔ حکومت نے "اُڑان پاکستان” پروگرام کو رہنما اصول کے طور پر اپناتے ہوئے چین کے پیشہ ورانہ تعلیم کے کامیاب ماڈل سے استفادہ کرتے ہوئے سرکاری و نجی شعبے کے اشتراک سے نوجوانوں کو چوتھے صنعتی انقلاب کے تقاضوں کے مطابق تیار کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

یہ اقدامات پاکستان کے نوجوانوں کے لیے ایک انقلابی سفر کا آغاز ہیں جو "اُڑان پاکستان” اور سی پیک کے ذریعے پاکستان اور چین کے درمیان شراکت داری کو مضبوط کرتے ہوئے نئی نسل کو مستقبل کی مہارتوں سے لیس کریں گے تاکہ ملک کی نوجوان آبادی کو معیشت کی طاقت بنایا جا سکے۔

 پاکستان کی دو تہائی آبادی 30 سال سے کم عمر ہے جو دنیا کی سب سے کم عمر ورک فورس میں شمار ہوتی ہے اور یہی ملک کا سب سے بڑا اثاثہ ہے، تاہم مصنوعی ذہانت، روبوٹکس، بگ ڈیٹا اور گرین ٹیکنالوجی کی تیزی سے ترقی کے دور میں روایتی ملازمتوں کی نوعیت بدل رہی ہے اور نئی مہارتوں کی شدید ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے بیجنگ میں ہزہ انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اور نیوٹیک کے درمیان معاہدے پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چوتھا صنعتی انقلاب ان اقوام کو فائدہ دے گا جو مہارت، جدت اور مطابقت پذیری میں آگے ہوں گی۔

 انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے بروقت تیاری نہ کی تو اپنی نوجوان نسل کو مواقع سے محروم کر دیں گے، لیکن حوصلے اور بصیرت کے ساتھ فیصلے کر کے پاکستان ایک نئے صنعتی ترقی کے دور میں داخل ہو سکتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ "اُڑان پاکستان” پروگرام کے تحت قومی اقتصادی تبدیلی کے منصوبے میں نوجوانوں کی مہارت سازی "5Es فریم ورک” کا کلیدی ستون ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیوٹیک اب تک پندرہ لاکھ نوجوانوں کو تربیت دے چکا ہے جن میں سے ستر فیصد نوجوانوں کو باعزت ملازمتیں مل چکی ہیں اور ان کی آمدنی میں اوسطاً تیس فیصد اضافہ ہوا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔