کشمیر کی آزادی کی جدوجہد میں کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،آئی ایس پی آر

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی کی جدوجہد میں کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مقبوضہ کشمیر کے بہادر عوام کے ساتھ اظہاریکجہتی کیا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس، نیول اور ایئر چیفس سمیت مسلح افواج نے بھی مقبوضہ کشمیر کے عوام کیساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستانی مسلح افواج نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جدوجہد آزادی کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک افواج کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی جدوجہد کی مکمل حمایت کرتی ہیں، کشمیر کی آزادی کی جدوجہد میں کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، کشمیری عوام کا حق خودارادیت یو این قراردادوں کے مطابق تسلیم شدہ ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، محاصرے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ناقابلِ قبول ہیں۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنا بھارت کی سنگین چال ہے جو قبول نہیں، بھارت کا جنگی طرز عمل اور اشتعال انگیز بیانات خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کشمیر کے منصفانہ حل سے مشروط ہے، پاکستانی مسلح افواج کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتی ہیں۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں آج کشمیری آج یوم استحصال کشمیر منارہے ہیں، مودی حکومت نے 5 اگست 2019 کو عالمی قوانین کی کُھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی تھی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












