منگل، 24-مارچ،2026
منگل 1447/10/05هـ (24-03-2026م)

ملک دشمن بیانیے سے تنگ آ کر پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما نے پارٹی کو خیرباد کہہ دیا

06 اگست, 2025 15:44

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری ساجد قریشی نے اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔

 اس سلسلے میں ساجد قریشی نے گورنر پنجاب سلیم حیدر خان سے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی، جہاں ملکی سیاسی صورتحال اور پارٹی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر پنجاب نے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے ایک بار پھر 5 اگست کی احتجاجی کال کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ ان کے مطابق ملک اب مزید احتجاجی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا اور عوام بھی ایسے عناصر سے بیزار آ چکی ہے جو بدامنی اور انتشار پھیلانا چاہتے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت ترقی، استحکام اور جمہوریت کے فروغ کی ضرورت ہے، اور پیپلز پارٹی ہی وہ نظریاتی جماعت ہے جو اپنے کارکنوں کو تنہا نہیں چھوڑتی، یہی وجہ ہے کہ کارکنان ایک بار پھر پیپلز پارٹی کا رخ کر رہے ہیں۔

سلیم حیدر خان نے کہا کہ پارٹی کے جیالے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے مضبوط بازو ہیں، اور وہ خود بھی ایک کارکن کی حیثیت سے آگے بڑھے اور آج پارٹی نے انہیں عزت دے کر پنجاب کا گورنر بنایا۔ ان کا دعویٰ تھا کہ وہ دن دور نہیں جب بلاول بھٹو ملک کے وزیر اعظم ہوں گے، کیونکہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو اپنے کارکنوں کی خدمات کو سراہتی ہے اور انہیں باعزت عہدے دیتی ہے۔

اس موقع پر ساجد قریشی نے پی ٹی آئی چھوڑنے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ دھرنوں، احتجاجی سیاست اور ملک دشمن بیانیے سے تنگ آ کر پارٹی کو خیرباد کہہ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی جماعت کا ساتھ دینا ممکن نہیں جو قومی مفاد کے خلاف کام کرے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی سیاسی جدوجہد اب مثبت سمت میں گامزن ہوگی۔

گورنر پنجاب نے ساجد قریشی اور ان کے ساتھیوں کو پیپلز پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہا اور یقین دہانی کروائی کہ ان کی محنت رائیگاں نہیں جائے گی، کیونکہ پیپلز پارٹی ہمیشہ اپنے کارکنوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔