مون سون کا سیزن ابھی مزید رنگ دکھائے گا، 14 سے 23 اگست بارشوں کیلئے اہم قرار

Monsoon season will show more colors yet, August 14 to 23 declared important for rains
کراچی: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر انجم نذیر نے کہا کہ پاکستان میں مون سون ابھی ختم نہیں ہوا، مون سون کا سیزن ابھی مزید رنگ دکھائے گا۔
انہوں نے کہا کہ 14 اگست تک صرف ایک دو مقامات پر بارش ہوسکتی ہے، کل بھی اسلام آباد میں بارش ہوئی اور آج بھی سیال کوٹ اور اس کے گردو نواح میں بارش کا امکان ہے تاہم 14 اگست سے لے کر 23 اگست تک یہ 10 دن پاکستان کیلئے اہم ہیں۔
انجم نذیر کے مطابق 14 اگست سے شمال مشرقی پنجاب کے علاقے سیال کوٹ، قصور، نارووال اور اس سے ملحقہ علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا، موسلادھار بارش کی وجہ سے مشرقی دریاؤں میں سیلابی صورت حال پیدا ہوگی اور اربن فلڈنگ کے خطرات بھی موجود رہیں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس کے بعد بارشوں کا یہ سلسلہ پاکستان کے جنوبی علاقوں کی جانب شروع ہوگا، 17 اگست سے 23 اگست تک سندھ کے اکثر علاقوں میں درمیانی سے موسلادھار اور چند علاقوں میں شدید موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ کراچی میں بھی بارش کے امکانات بن رہے ہیں اور 17 اگست سے 23 اگست تک کراچی میں بھی وقفے وقفے سے تیز بارش ہوسکتی ہے تاہم اس سے پہلے جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو کراچی کے درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے، 17 تاریخ کی شام یا رات سے بارش کا سلسلہ شروع ہوسکتا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








