معرکہ حق کی فتح کی خوشی میں مسلح افواج کا دفاعی ساز و سامان نمائش کیلئے پیش

اسلام آباد: پاکستان کی مسلح افواج یومِ آزادی اور معرکہ حق میں فتح کی خوشی میں جمعرات کو شکرپڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں دفاعی ساز و سامان کی شاندار نمائش منعقد کریں گی جو صبح 10 بجے سے عوام کے لیے کھولی جائے گی۔
نمائش میں وہ ہتھیار، طیارے، ٹینک اور دیگر عسکری ساز و سامان شامل ہوں گے جو معرکہ حق کے دوران استعمال ہوئے۔ اس کے ساتھ ساتھ آرٹلری، راکٹ لانچرز، فوجی گاڑیاں، بکتر بند کیریئرز اور اہم جنگی ریڈار بھی پیش کیے جائیں گے جنہوں نے معرکے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
تقریب کے دوران پاک فضائیہ شاندار فلائی پاسٹ اور پیرا جمپنگ کا مظاہرہ کرے گی جبکہ عوام کو قریب سے فوجی آلات دیکھنے کا موقع ملے گا۔
یومِ آزادی کی مناسبت سے آج بدھ کو جناح اسپورٹس اسٹیڈیم اسلام آباد میں ایک عظیم الشان تقریب بھی منعقد ہو گی جس میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری مہمانِ خصوصی ہوں گے جبکہ وزیرِاعظم شہباز شریف اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان بھی شریک ہوں گے۔
اس تقریب میں قومی و بین الاقوامی معزز مہمان بڑی تعداد میں شریک ہوں گے۔ ثقافتی پروگرام، تینوں مسلح افواج کی پریڈ اور فضائی مظاہرے بھی تقریب کا حصہ ہوں گے۔
تقریب کے دوران وزیرِاعظم معرکہ حق یادگار کا افتتاح بھی کریں گے۔ اس سالگرہ کے جشن میں دوست ممالک ترکیہ اور آذربائیجان کی فوجی دستے بھی خصوصی طور پر شریک ہو رہے ہیں، جو پاکستان کے ساتھ یکجہتی اور دفاعی تعاون کی علامت ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








