کیا کراچی واقعی الگ صوبہ بننے جارہا ہے؟ فاروق ستار کے تہلکہ خیز انکشافات

Is Karachi Really Becoming a Separate Province? Farooq Sattar’s Shocking Revelations
ایم کیو ایم کے سینئر رہنما فاروق ستار نے کراچی کے صوبہ بننے سے متعلق اہم انکشافات کیے ہیں۔
ایم کیو ایم کے سینئر رہنما فاروق ستار نے ایک نجی پوڈکاسٹ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی کو سندھ سے الگ کرنے کی تیاریاں تقریباً مکمل ہو چکی ہیں اور اب صرف "رسوم” باقی رہ گئی ہیں۔
پوڈکاسٹ کے میزبان سے بات چیت کے دوران فاروق ستار نے کہا کہ کراچی کو جان بوجھ کر سیاسی، معاشی اور انتظامی طور پر دیوار سے لگایا جا رہا ہے، اور موجودہ طرزِ حکمرانی آمریت، جبر اور ناانصافی پر مبنی ہے، جس کا مقصد کراچی کے شہریوں کو سندھ کے وسائل سے محروم کرنا ہے۔
فاروق ستار نے الزام عائد کیا کہ بلدیاتی انتخابات میں زبردستی ایم کیو ایم سے میئر شپ چھینی گئی اور انتخابی حلقہ بندیوں میں دانستہ طور پر ایسی ہیرا پھیری کی گئی کہ ایم کیو ایم کے حلقوں میں ووٹرز کی تعداد 90 ہزار تک پہنچا دی گئی، جبکہ مخالفین کے حلقے صرف 15 ہزار ووٹرز پر مشتمل رکھے گئے، جس سے برابری کی بنیاد پر انتخابی مقابلہ ناممکن بنا دیا گیا۔
انہوں نے کراچی میں بڑھتے ہوئے جرائم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کورنگی نمبر 2 کی مارکیٹ میں ہونے والی ایک دل دہلا دینے والی ڈکیتی کا حوالہ دیا، جہاں 14 مسلح ڈاکو دکانیں لوٹنے آئے۔
فاروق ستار کے مطابق ایک دکاندار وقاص نے مزاحمت کر کے مارکیٹ کو بڑے نقصان سے بچایا، لیکن اپنی جان گنوا بیٹھا۔ انہوں نے بتایا کہ وقاص کی شادی کو صرف آٹھ ماہ ہوئے تھے اور اس کی بیوی چھ ماہ کی حاملہ ہے۔ فاروق ستار نے سوال اٹھایا کہ اس بچے کی کفالت کی ذمہ داری کون لے گا؟
گفتگو کے اختتام پر انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ اپنی غلطیوں کا اعتراف کریں، عوام سے معافی مانگیں اور ماضی کے نقصانات کے ازالے کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام پاکستان کے مکمل شہری ہیں، اور ان کے ساتھ کسی غیر ملکی جیسا سلوک کرنا نہ صرف ناانصافی ہے بلکہ ناقابلِ قبول بھی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








