کراچی والے ہوجائیں تیار! بارشوں کا نیا سلسلہ، الرٹ جاری

محکمہ موسمیات نے کراچی میں بارشوں سے متعلق اہم پیشگوئی کردی ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے کی گئی پیشگوئی کے مطابق کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں 18 اگست کی رات سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، جو وقفے وقفے سے 6 سے 8 دن تک جاری رہ سکتا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور نشیبی علاقوں میں غیر ضروری آمد و رفت سے گریز کریں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا موسم ان دنوں شدید گرم اور مرطوب ہے، جبکہ سمندری ہوائیں کمزور پڑ چکی ہیں اور ان کی رفتار غیر معمولی حد تک سست ہو گئی ہے۔ درجہ حرارت 35 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے، جو بارش کے امکانات کو بڑھا رہا ہے۔
موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ سندھ کے ساحلی علاقوں کے قریب کم شدت کا بارشی نظام موجود ہے، جو سمندری ہواؤں کی آمد کو روک رہا ہے، جبکہ بھارت کے وسطی علاقوں میں ایک طاقتور مون سون سسٹم گجرات کے قریب پہنچ رہا ہے، جو آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں سندھ کی جانب بڑھ سکتا ہے۔
اس سسٹم کے تحت 18 یا 19 اگست سے سندھ کے مختلف علاقوں، خصوصاً کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، دادو اور نوشہروفیروز میں بارش کے امکانات موجود ہیں۔ اس دوران ڈی ایچ اے سٹی، بحریہ ٹاؤن، گھارو، کیٹی بندر، ٹھٹھہ اور بدین سمیت مختلف علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔ تاہم، بارش روزانہ لازمی نہیں ہوگی بلکہ مخصوص دنوں پر وقفے وقفے سے برسنے کا امکان ہے، جبکہ ایک یا دو مواقع پر شدید بارش کا اسپیل بھی آ سکتا ہے۔
تھرپارکر، ننگرپارکر اور میرپورخاص میں بادل بننے کا عمل شروع ہو چکا ہے، جو آئندہ دنوں میں ہلکی بارش کا سبب بن سکتا ہے۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
مزید یہ کہ 20 اگست کے بعد ایک اور طاقتور سسٹم گجرات سے حرکت کرتے ہوئے 21 یا 22 اگست کو سندھ میں داخل ہو سکتا ہے، جس کے زیر اثر 22 سے 24 اگست تک ایک اور بارشوں کا سلسلہ متوقع ہے۔ یہ سسٹم بھی شدید بارش اور شہری سیلاب کا باعث بن سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات اور ماہرین نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ موسمی اپڈیٹس پر نظر رکھیں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے پیشگی تیاری کریں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








