خیبرپختونخوا میں قدرتی آفت سے تاریخ کی سب سے بڑی تباہی، 321 افراد جاں بحق

خیبرپختونخوا میں بارشوں اور فلیش فلڈ سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری
خیبرپختونخوا میں حالیہ شدید بارشوں اور فلش فلڈ کے نتیجے میں 321 افراد جاں بحق اور 23 زخمی ہو چکے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کی گئی ابتدائی رپورٹ میں تصدیق کی گئی ہے کہ جاں بحق افراد میں 279 مرد، 15 خواتین اور 13 بچے شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران مختلف حادثات میں 74 گھروں کو نقصان پہنچا جن میں 63 مکانات جزوی جبکہ 11 مکمل طور پر منہدم ہوئے۔یہ افسوسناک حادثات خیبرپختونخوا کے اضلاع سوات، بونیر، باجوڑ، تورغر، مانسہرہ، شانگلہ اور بٹگرام میں پیش آئے۔
بونیر، باجوڑ، اور بٹگرام کو سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع قرار دیا گیا ہے، جبکہ ضلع بونیر میں 184 افراد جاں بحق ہوئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق شدید بارشوں کا سلسلہ 21 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔
متاثرہ اضلاع کے لیے امدادی فنڈز جاری کر دیے گئے ہیں اور تمام ضلعی اداروں کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے پہلے ہی موسمی پیشگوئیوں کے تناظر میں ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات کی ہدایت جاری کی تھی، اب ادارے کی امدادی ٹیمیں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں اور صورتحال کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔
سیاحتی مقامات پر بند ہونے والی سڑکوں اور رابطہ شاہراہوں کی فوری بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ عوام کو موسمی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور خود کو محفوظ رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
پروونشل اتھارٹی کے مطابق متاثرہ اضلاع کیلئے مجموعی طور پر 50 کروڑ روپے جاری کر دیے گئے ہیں، جس میں سے بونیر کیلئے 15 کروڑ روپے، باجوڑ، بٹگرام اور مانسہرہ کے لیے 10، 10 کروڑ روپے اور سوات کے لیے 5 كروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف کا بیان
اس حوالے سے بیرسٹر محمد علی سیف نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ صوبے کے 11 اضلاع کلاؤڈ برسٹ اور سیلاب سے متاثر ہوئے، سیلاب سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 ہزار 817 ہے۔
انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں 32 افراد تاحال لاپتا ہیں جن کی تلاش جاری ہے، 545 ریسکیو اہلکار اور90 گاڑیاں اور کشتیاں امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ بونیر میں 159 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 100 افراد کو زندہ بچالیا گیا، باجوڑ میں 20 افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص لاپتا ہے، بٹگرام میں 11 افراد کی لاشیں ملی ہیں جبکہ 10 افراد لاپتا ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.