مالاکنڈ: جے یو آئی رہنما مفتی کفایت اللہ فائرنگ سے زخمی، بیٹا اور بیٹی جاں بحق

مالاکنڈ کی تحصیل بٹ خیلہ میں جے یو آئی (ف) کے مرکزی رہنما مفتی کفایت اللہ کے گھر فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیاجس میں ان کے بیٹے اور بیٹی جاں بحق جبکہ وہ خود اور ان کی اہلیہ شدید زخمی ہوگئے۔
لیویز حکام کے مطابق فائرنگ کا واقعہ رات گئے پیش آیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ فائرنگ مفتی کفایت اللہ کے اپنے بیٹے نے کی، جس کے نتیجے میں ان کے ایک بیٹے اور ایک بیٹی موقع پر دم توڑ گئے۔
حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جس کی تلاش کے لیے لیویز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی شروع کر دی ہے۔
زخمی مفتی کفایت اللہ اور ان کی اہلیہ کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے جبکہ بڑی تعداد میں جے یو آئی کے کارکن اور شہری اسپتال پہنچ گئے۔
یاد رہے کہ مفتی کفایت اللہ پر اس سے قبل بھی نومبر 2019 میں قاتلانہ حملہ ہو چکا ہے جس میں وہ زخمی ہوئے تھے۔ اس حالیہ واقعے نے نہ صرف سیاسی و مذہبی حلقوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے بلکہ عوامی سطح پر بھی شدید دکھ اور تشویش پائی جا رہی ہے۔
تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے حکام اس سانحے کی وجوہات جاننے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ فائرنگ کے ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








