پیر، 23-مارچ،2026
پیر 1447/10/04هـ (23-03-2026م)

صوابی میں کلاؤڈ برسٹ سے تباہی؛ چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 4 افراد جاں بحق

18 اگست, 2025 19:20

صوابی میں کلاؤڈ برسٹ اور لینڈ سلائیڈنگ نے تباہی مچا دی، سیلابی ریلوں میں کئی گھر بہہ گئے جبکہ چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔

ڈپٹی کمشنر صوابی نصراللہ خان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ دالوڑی گاؤں میں کلاؤڈ برسٹ سے کئی گھر ڈوب گئے ہیں، کلاؤڈ برسٹ سے سیلابی ریلے کا بہاؤ بہت تیز ہے، پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے مختلف مقامات پر لینڈسلائیڈنگ بھی ہوئی ہے۔

ڈی سی صوابی کا کہنا ہے کہ انتظامیہ، ریسکیو اور دیگر امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہو چکے ہیں، ہری پور اور مردان سے بھی ریسکیو ٹیموں کو بلا لیا گیا ہے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق صوابی کے علاقے سرکوئی پایاں میں مکان کی چھت گرنے سے دو خواتین اور دو بچے جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہیں جبکہ ہری پور اور مردان سے بھی اضافی امدادی ٹیموں کو طلب کر لیا گیا ہے۔

شدید بارشوں سے سوات کے علاقے ظاہرآباد، شہیدآباد، مکان باغ، ملا بابا، محلہ بنگلادیش، رحیم آباد، کوکورائی، منگلور، بشنبڑ اور شگئی بری طرح متاثر ہوئے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ مکان باغ، سیدو شریف روڈ اور ملا بابا سمیت کئی علاقوں میں گزشتہ چار روز سے بجلی معطل ہے، پینے کے پانی کی قلت پیدا ہو چکی ہے جبکہ نکاسی نہ ہونے کے باعث معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق سوات میں بارش سے 400 مکانات متاثر ہوئے جن میں سے کئی مکمل طور پر تباہ ہو گئے، 124 تعلیمی ادارے متاثر جبکہ 3 ادارے مکمل طور پر منہدم ہو گئے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 15 اگست کو کلاؤڈ برسٹ کے بعد طوفانی بارشوں سے مجموعی طور پر 22 افراد جاں بحق ہوئے اور متاثرہ علاقوں تک رسائی کے لیے ریسکیو آپریشن پوری قوت سے جاری ہے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا میں بارشوں اور فلیش فلڈ سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی گئی۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق صوبہ میں ہونے والی بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث مختلف حادثات میں اب تک 325 افراد جاں بحق اور 156 افراد زخمی ہوئے، جاں بحق افراد میں 274 مرد، 30 خواتین اور 21 بچے شامل جبکہ زخمیوں میں 123 مرد، 23 خواتین اور 10 بچے شامل ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ بارشوں اور فلیش فلڈ کی وجہ سے 336 گھروں کو نقصان پہنچا جس میں 233 گھروں کو جزوی اور 106 گھر مکمل منہدم ہوئے۔

سیلاب سے زیادہ متاثرہ ضلع بونیر میں اب تک مجموعی طور پر 217 افراد جاں بحق ہوئے، یہ حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع سوات، بونیر، باجوڑ، مانسہرہ، شانگلہ، دیر لویر اور بٹگرام میں پیش آئے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔