پیر، 23-مارچ،2026
پیر 1447/10/04هـ (23-03-2026م)

کراچی میں موسلا دھار بارش، شہر ڈوب گیا، سڑکوں کی ہولناک ویڈیوز

19 اگست, 2025 19:21

کراچی: شہر قائد اس وقت شدید موسلا دھار بارش کی لپیٹ میں ہے جس نے معمولاتِ زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ آئندہ دو روز تک جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ کئی علاقوں میں بارش کی مقدار 150 ملی میٹر سے تجاوز کر گئی ہے، جو شہری سیلاب کی صورت اختیار کر سکتی ہے۔

نرسری کے علاقے میں بارش 50 سے 80 ملی میٹر کے درمیان ریکارڈ کی گئی ہے، جو کسی بھی وقت 100 ملی میٹر سے زیادہ ہو سکتی ہے۔

گلشنِ رومی کے ویدر اسٹیشن کے مطابق صرف ڈھائی گھنٹوں میں بارش کی مقدار 180 ملی میٹر تک پہنچ گئی۔ اسی طرح کورنگی میں 148 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، جبکہ گلستانِ جوہر، ملیر، گلشنِ اقبال اور ایئرپورٹ کے اطراف بھی شدید بارش جاری ہے۔

شدید بارش کے باعث شہر کی اہم شاہراہوں پر پانی جمع ہوگیا ہے۔ لیاقت آباد اور غریب آباد کے قریب سڑک بیٹھ جانے سے کئی گاڑیاں دھنس گئیں جس کے باعث ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہے۔ اسی طرح شاہراہ فیصل، شرف آباد اور بلاک 1 گلشنِ اقبال میں بھی سڑکیں زیرِ آب ہیں۔

محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ موجودہ مون سون سسٹم نہایت طاقتور ہے، جو صرف کراچی ہی نہیں بلکہ سندھ اور خیبر پختونخوا کے مختلف حصوں کو بھی متاثر کر رہا ہے۔

ماہرین نے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کے خدشات ظاہر کیے ہیں اور شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور بجلی کے کھمبوں، درختوں اور پانی سے بھرے راستوں سے دور رہیں۔

مختلف علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہونا شروع ہو گیا ہے، خاص طور پر فیز 4 کی کچھ گلیاں اور ملیر کے علاقے شدید متاثر ہیں۔

سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ بعض مقامات پر لوگ اپنی گاڑیاں پانی میں پھنسنے کے باعث بے یار و مددگار کھڑے ہیں۔

شہر کے باسیوں نے انتظامیہ کی کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ترقیاتی کاموں کے نام پر سڑکوں کی کٹنگ اور ادھورے منصوبے موجودہ صورتحال کو مزید سنگین بنا رہے ہیں۔

اس وقت کراچی کے مشرقی اور جنوب مشرقی حصے سب سے زیادہ متاثر ہیں، اور بارش کا سلسلہ نہ تھمنے کے باعث حالات مزید بگڑنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔