کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار

کراچی: شہرِ قائد کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر بلاک 15 اور 16، جوہر چورنگی، سرجانی، گلشن ، معمار، ملیر ، کورنگی، شارع فیصل اور صدر کے اطراف میں بارش کے بعد موسم سہانا ہوگیا ہے۔
اورنگی، بلدیہ، نارتھ کراچی، سپرہائی وے، کلفٹن، ڈیفنس، قیوم آباد، اختر کالونی، فیڈرل بی ایریا، اسکیم 33، صفورا گوٹھ، ملیر کینٹ، ایئرپورٹ، قائد آباد اور لانڈھی میں بھی بارش ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ شمال سمت سے 6 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ کراچی میں آج گرج چمک کیساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
دوسری جانب شہر میں بارش کے بعد سڑکیں تالاب بن گئیں، سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے۔
بارش کے پانی کے باعث لوگوں کی گاڑیاں بند ہونے لگیں، نمائش چورنگی، شارع فیصل، جہانگیر روڈ، یونیورسٹی روڈ، قیوم آباد، کورنگی کراسنگ، ناگن چورنگی، سرجانی اور نارتھ کراچی پر پانی جمع ہے۔
کراچی میں بارش کے اعداد و شمار جاری
محکمہ موسمیات نے کراچی میں بارش کے اعداد و شمار جاری کردیے۔
جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ بارش سعدی ٹاؤن میں 35.8 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ گلشن معمار 33.3، ناظم آباد میں 26، سرجانی 12.4، پی اے ایف بیس مسرور میں 11 ملی میٹر، کورنگی 4.6، یونیورسٹی روڈ 4.4، گلشن حدید میں 3 ملی میٹر بارش ہوئی۔
اورنگی ٹاؤن 1.5، شاہراہ فیصل پر ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ سب سے کم بارش اولڈ ایئرپورٹ ایریا میں 0.2 ملی میٹر ہوئی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









