کے الیکٹرک کا بجلی بحالی کا دعویٰ، کراچی کے کئی علاقے 24 گھنٹے بعد بھی بجلی سے محروم

بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان
کراچی (20 اگست 2025): کراچی میں گزشتہ روز ہونے والی موسلا دھار بارش کے بعد شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی تھی۔ بدھ کی صبح کے الیکٹرک نے دعویٰ کیا ہے کہ شہر کے 2122 فیڈرز میں سے 2000 فیڈرز پر بجلی بحال کر دی گئی ہے۔ تاہم، شہریوں کے مطابق کئی علاقے اب بھی اندھیرے میں ہیں۔
شدید بارش کے باعث کراچی کے بڑے حصے میں بجلی کا نظام بیٹھ گیا تھا۔ کے الیکٹرک حکام کا کہنا ہے کہ ٹیمیں مسلسل کام کر رہی ہیں اور جلد مکمل بحالی کر دی جائے گی۔ لیکن شہریوں کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود کچھ علاقوں میں بجلی نہیں آئی۔
شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا
ذرائع کے مطابق گلستان جوہر، سلطان آباد، نارتھ ناظم آباد، ملیر، معین آباد، کورنگی، اورنگی، لیاقت آباد، گڈاپ، کاٹھور اور بن قاسم جیسے علاقے اب بھی بجلی سے محروم ہیں۔ اس کے علاوہ سرجانی ٹاؤن، پی ای سی ایچ ایس، گلشن اقبال اور ڈی ایچ اے کے کئی حصے بھی 22 گھنٹے سے اندھیرے میں ڈوبے ہوئے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے گھروں میں پانی بھی ختم ہو گیا ہے۔ گرمی اور اندھیرے نے زندگی کو مزید مشکل بنا دیا ہے۔
مزید بارش کا امکان
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بدھ کو بھی کراچی میں دوپہر 2 بجے سے شام 7 بجے تک شدید بارش ہو سکتی ہے۔ گزشتہ روز شہر میں سب سے زیادہ بارش گلشن حدید میں 178 ملی میٹر، کیماڑی میں 173 ملی میٹر اور پرانے ایئرپورٹ پر 163 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
اگر مزید بارش ہوئی تو بجلی کے نظام میں مزید خرابیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔ شہریوں کو احتیاط برتنے اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









