وزیراعظم کا فیلڈ مارشل کے ہمراہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ، ‘ٹمبر مافیا اور مائننگ سرگرمیوں کو نقصان کی وجہ قرار دیدیا’

Prime Minister Shahbaz Sharif and Field Marshal Asim Munir's visit to the flood-affected areas.
سب سے پہلے وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سوات پہنچے جہاں وفاقی وزیر امیر مقام اور دیگر وزراء نے ان کا استقبال کیا۔ اس کے بعد وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے بونیر، شانگلہ اور صوابی کا بھی دورہ کیا۔ حکام نے انہیں ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیراعظم ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق شہباز شریف نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی اور ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ وفاقی حکومت اور پاک فوج متاثرین کی بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ غیرقانونی قبضے، ٹمبر مافیا اور کان کنی کی سرگرمیاں حالیہ تباہی کی بڑی وجوہات ہیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ایسے عناصر کے خلاف فوری اور بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو ایک ایسی سخت ریاست بننا ہوگا جہاں قانون سب پر یکساں لاگو ہو۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھی سیلاب متاثرہ علاقوں میں موجود فوجی جوانوں، پولیس اور سول انتظامیہ سے ملاقات کی اور ان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کی مدد اولین ترجیح ہے اور ریسکیو آپریشنز کو مزید تیز کیا جائے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق سیلاب زدگان کے لیے امدادی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔ جمعرات کی صبح باجوڑ اور مانسہرہ کے لیے امدادی سامان روانہ کیا گیا جس میں خیمے، کمبل، جنریٹرز، ڈی واٹرنگ پمپس، ادویات اور راشن بیگز شامل ہیں۔ یہ سامان ضلعی انتظامیہ کے ذریعے متاثرین میں تقسیم کیا جائے گا۔
خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں اب تک 350 سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جن میں سے زیادہ تر اموات بونیر سے رپورٹ ہوئی ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









