اتوار، 22-مارچ،2026
اتوار 1447/10/03هـ (22-03-2026م)

خیبر پختونخوا میں سیلاب سے نقصانات کی تفصیلات جاری

23 اگست, 2025 17:58

خیبر پختونخوا میں سیلاب سے چار سو تیرانوے کلومیٹر سڑکیں اور بتیس پل بہ چکے ہیں۔ ان تمام نقصانات سے بحالی کے لیے نو ارب روپے درکار ہوں گے

محکمہ مواصلات و تعمیرات نے 15 اگست سے 22 اگست تک نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق صوبے میں سیلاب سے 331 سڑکوں کو 336 مقامات پر نقصان پہنچا، 493 کلومیٹر پرمشتمل سڑکیں سیلاب اور لینڈسلائیڈنگ کی نذر ہوگئیں، جن میں 57 سڑکیں ابھی تک بند ہیں۔

اس کے علاوہ خیبرپختونخوا میں 32 پل سیلاب میں بہہ گئے، ایک پل مکمل اور22 پل جزوی طور پر ٹریفک کیلئےکھول دیےگئے ہیں جبکہ 9 پل تاحال ٹریفک کے لیے بند ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پلوں کی مرمت و بحالی پر ایک ارب 12 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔

رپورٹ کے مطابق سڑکوں کی بحالی پر لاگت کا تخمینہ 9 ارب 45 کروڑ روپے لگایا گیا ہے، 229 سڑکیں جزوی اور 50 سڑکیں مکمل طور پر بحال ہو چکی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ سوات میں 79 سڑکیں 80 مقامات پر متاثر ہیں، سوات میں 43 کلومیٹر پر مشتمل سڑکیں سیلاب میں بہہ گئیں، 3 سڑکیں مکمل جبکہ 75 جزوی طور پر ٹریفک کے لیے بحال کر دی گئی ہیں، 2 سڑکیں تاحال بند ہیں۔ سوات میں سڑکوں کی بحالی پر45 کروڑ سے زیادہ روپےخرچ کیے جائیں گے۔

دوسری جانب بونیر میں 43 سڑکیں متاثر ہوئیں جن میں 39 سڑکیں جزوی طور پر بحال کی جا چکی ہیں جبکہ 4 سڑکیں مکمل بند ہیں، بونیر میں سڑکوں کی بحالی پر ساڑھے 4 ارب روپے لاگت آئے گی۔

صوابی میں بھی 41 سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، 32 سڑکیں ابھی تک بحال نہ ہو سکیں ہیں۔ صوابی میں سڑکوں کی بحالی پر 2 ارب 76 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔

سیکرٹری محکمہ مواصلات و تعمیرات محمد اسرار کا کہنا ہے بونیر، صوابی اور دیگر اضلاع میں تیز بارشوں اور سیلاب کے باعث کافی نقصان ہوا ہے۔

15 اگست کو محکمہ خزانہ کو ڈیڑھ ارب روپے جاری کرنےکا کہا گیا تھا، 70کروڑ روپے اگلے ہی دن جاری کیےگئے جس میں 40 کروڑ مالاکنڈ اور 10 کروڑ روپے ہزارہ ریجن کوجاری کیے گئے، 20 کروڑ پختونخوا ہائی ویز اتھارٹی کو جاری کیے گئے، 186 چھوٹی بڑی مشینریوں کے ذریعےسڑکوں کی بحالی کاکام شروع کیا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔