علیمہ خان کے بیٹوں کی گرفتاری پر قاسم خان کا ردعمل سامنے آگیا

Qasim Khan Reacts to Arrest of Aleema Khan’s Sons
بانی پاکستان تحریک انصاف کے بڑے صاحبزادے قاسم خان کا علیمہ خان کے بیٹوں کی گرفتاری پر ردعمل سامنے آگیا۔
بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بڑے صاحبزادے قاسم خان نے اپنے کزنز، شاہریز خان اور شیر شاہ کی گرفتاری پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت بے گناہ خاندان کے افراد کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں قاسم خان نے دونوں کزنز کو اغوا کیے جانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ایک اور قریبی عزیز، حسن نیازی کو بھی فوجی عدالت سے سزا دی جا چکی ہے۔
قاسم خان کا کہنا تھا کہ ’’یہ سب کچھ اس لیے کیا جا رہا ہے کیونکہ سپریم کورٹ عمران خان کو ضمانت دینے کی کوشش کر رہی ہے۔ ریاستی جبر کے یہ اقدامات ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے بلکہ ان سے ناانصافی مزید بے نقاب ہو رہی ہے۔‘‘
پولیس حکام کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کے بیٹے شیر شاہ کو لاہور میں جمعے کے روز حراست میں لیا گیا، جبکہ ان کے بڑے بھائی شاہریز خان کو ایک روز قبل گھر پر چھاپے کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔ دونوں کو 9 مئی 2023 کے پُرتشدد واقعات سے متعلق مقدمات میں تفتیش کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔
دوسری جانب قاسم خان اور ان کے چھوٹے بھائی سلیمان خان، اپنے والد عمران خان کی رہائی کے لیے بین الاقوامی سطح پر سرگرم ہیں۔ حال ہی میں دونوں بھائیوں نے امریکا کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف امریکی سیاسی رہنماؤں اور کانگریس اراکین سے ملاقاتیں کیں۔ ان کا مقصد عمران خان کی گرفتاری کو ’’غیر منصفانہ‘‘ قرار دے کر عالمی برادری کی توجہ اس جانب مبذول کرانا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









