دریائے راوی میں پانی کی سطح بلند، شاہدرہ میں اونچے درجے کا سیلاب

بحرین کی جانب سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے ریلیف پیکج
دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر پانی کی سطح میں اضافہ ہونے کے بعد اونچے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 45 ہزار 160 کیوسک تک جا پہنچا۔
کمشنر لاہور کے مطابق آج صبح 9،10 بجے شاہدرہ سے 1 لاکھ 60 ہزار کیوسک ریلے کا امکان ہے جبکہ راوی میں سیلابی صورتحال قابو میں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دریائے راوی کی گنجائش 2 لاکھ 50 ہزارکیوسک ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ سمیت تمام محکموں کی تیاری مکمل ہے اور ہائی الرٹ پر ہیں۔
دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر سیلاب کا زور کم ہونے لگا ہے، پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 52 ہزار کیوسک پر آگیا۔
دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ میں کمی آنا شروع
دریائے چناب میں ہیڈ خانکی اور ہیڈ قادرآباد پر پانی کے بہاؤ میں کمی آنا شروع ہوگئی مگر صورتحال اب بھی غیر معمولی ہے۔
ہیڈ خانکی پر پانی کا بہاؤ ساڑھے 10 لاکھ کیوسک سے کم ہو کر 9 لاکھ 5 ہزار کیوسک پر آ گیا ہے۔
ہیڈ قادرآباد پر بھی غیر معمولی سیلابی صورتحال ہے، وہاں پانی کا بہاؤ 10 لاکھ 45 ہزار 601 کیوسک ہوگیا۔
دوسری جانب دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 61 ہزار کیوسک سے تجاوز کر گیا ہے اور صورتحال غیر معمولی سیلابی شکل اختیار کر گئی ہے۔
اسی طرح ہیڈ مرالہ پر اونچے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 40 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ دریائے راوی میں بلوکی اور دریائے ستلج میں سلیمانکی کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب موجود ہے۔
پنجاب میں سیلاب کی زد میں آکر 7 افراد جاں بحق
گوجرانوالہ ڈویژن میں سیلاب سے 7 افراد جاں بحق جبکہ 3 لاپتہ ہوگئے۔
کمشنر گوجرانوالہ نوید حیدر کے مطابق گجرات میں 3 ، سیالکوٹ میں 2 نارووال اور گوجرانوالہ میں 2 افراد جاں بحق ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ سیالکوٹ کے علاقے سمبڑیال میں سیلاب کی وجہ سے 3 افراد لاپتہ بھی ہوئے۔
اقوام متحدہ کا پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے 6 لاکھ ڈالر کی امداد کا اعلان
اقوام متحدہ نے پاکستان میں حالیہ مون سون بارشوں اور شدید سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی فوری مدد کے لیے ہنگامی بنیادوں پر 6 لاکھ امریکی ڈالر کی امداد جاری کر دی ہے۔
یہ اعلان سیکریٹری جنرل کے ترجمان نے نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
سیکریٹری جنرل کے ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ دس روز کے دوران بارشوں اور سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلائی ہے جس کے نتیجے میں اب تک 400 سے زائد افراد جاں بحق اور 190 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں، جبکہ 20 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہو کر پناہ گاہوں، طبی سہولتوں اور نقد امداد کے منتظر ہیں۔
اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں صاف پانی، حفظانِ صحت کے آلات اور خواتین و بچیوں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات نہایت ضروری ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ 26 جون سے جاری موسلادھار بارشیں اور سیلابی صورتحال سنگین شکل اختیار کرچکی ہے۔
مقامی حکام کے مطابق ملک بھر میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے مجموعی طور پر 798 افراد جاں بحق اور ایک ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
اقوام متحدہ نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ یکجہتی دکھائے اور متاثرین کی مدد کے لیے آگے آئے۔
یو این ایجنسیز مقامی اداروں اور شراکت دار تنظیموں کے ساتھ مل کر امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ متاثرہ افراد کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
قوم کی ڈھال، پاک فوج جنگ و امن ہر موقع پر عوام کے ساتھ
پاک فوج کا سیلاب متاثرین کے لیے کوٹ مومن میں ریلیف آپریشن جاری ہے۔
پنجاب کے دیگر علاقوں کی طرح سیلابی صورتحال سے کوٹ مومن بھی شدید متاثر ہے، پاک فوج نے کوٹ مومن میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے ریلیف آپریشن شروع کردیا۔
پاک فوج کے جوانوں نے گورنمنٹ ہائی اسکول لکسیاں میں ریلیف کیمپ قائم کردیا، پاک فوج کے ساتھ ساتھ ضلعی انتظامیہ بھی عوام کے لیے ریلیف آپریشن میں شریک ہوئی۔
پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ پر مشتمل 3 ریسکیو ٹیمیں مڈھ رانجھا، طالب والا اور ہلال پور میں تعینات ہیں۔
ریسکیو ٹیموں کے پاس 2 کشتیاں، 30 لائف جیکٹس اور ماہر تیراک موجود ہیں۔
متاثرین سیلاب نے پاک فوج کے جذبہ خدمت کو سراہا، پاک فوج ہمیشہ کی طرح مشکل کی اس گھڑی میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











