اتوار، 22-مارچ،2026
ہفتہ 1447/10/02هـ (21-03-2026م)

پنجاب میں تین بپھرے دریاؤں نے تباہی مچادی، ہزاروں افراد بے گھر

29 اگست, 2025 10:31

پنجاب کے تین بپھرے دریاؤں راوی، چناب اور ستلج نے تباہی مچا دی جس کی وجہ سے ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے جبکہ فصلیں بھی زیر آب آ گئیں۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے اور بارشوں کے باعث دریائے چناب، ستلج اور راوی بدستور سیلاب کی لپیٹ میں ہیں اور پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ لاہور کے متعدد علاقوں میں سیلابی پانی داخل ہوگیا ہے۔

پنجاب میں دریاؤں کے آس پاس آباد دیہات، شہر اور گلی محلے دریا کا منظر پیش کرنے لگے جبکہ لوگ ڈوبے مکانوں کی چھتوں پر پناہ لینے پر مجبور ہیں۔

وزیر آباد، قصور، نارووال، حافظ آباد، کمالیہ، منڈی بہاؤالدین، بہاول نگر، سیالکوٹ، سرگودھا، وہاڑی اور پاکپتن سمیت کئی علاقوں میں دیہات سیلاب کے گھیرے میں آگئے اور زمینی رابطہ کٹ گیا جبکہ کئی مقامات پر عارضی بند ٹوٹ گئے۔

فیصل آباد میں تاندلیانوالہ کے مقام پر دریائے راوی میں پانی کی سطح میں اضافے کے باعث نشیبی علاقوں کے مکینوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی کا عمل جاری ہے، سیلاب کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔

رائٹرز

‏دریائےچناب میں چنیوٹ برج پرپانی کے بہاؤ میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے اور چنیوٹ برج پر پانی کی آمد 830100 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔

دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے جس کی وجہ سے فرخ آباد، عزیز کالونی، امین پارک، افغان کالونی، شفیق آباد، مریدوالا کے علاقے متاثر ہوئے ہیں۔

دریائے سندھ میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ

ڈپٹی کمشنر راجن پور شفقت اللہ مشتاق کے مطابق دریائے سندھ میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے، نشیبی علاقوں سے لوگوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی جاری ہے، دریائے سندھ کے قریب فلڈ ریلیف کیمپس قائم کردیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت، لائیو اسٹاک اور ریسکیو ٹیمیں متحرک ہیں، حفاظتی بندوں کی مضبوطی کے لیے کام جاری ہے، پولیس کا کچے کے علاقوں میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

دوسری جانب ملتان میں دریائے چناب کا خطرناک ریلا 24 سے 48 گھنٹوں میں شہر کی حدود میں داخل ہو سکتا ہے، شہری آبادی کو بچانے کے لیے ہیڈ محمد والا پر بریچ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو حکام، مقامی رضا کاروں، پاک فوج اور پاکستان رینجرز کی جانب سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

قوم کے ساتھ پاک فوج کا عہد، ہر آزمائش میں عوام کے شانہ بشانہ

پاک فوج کا سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ اور ہیڈ خانکی میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

 پنجاب کے سیلابی علاقوں میں پاک فوج کے دستے ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں مصروف ہیں، پاک فوج کے جوان متاثرین کو ہیلی کاپٹر اور کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کررہے ہیں۔

جوانوں نے گوجرانوالہ اور ہیڈ خانکی میں بھی سیلاب متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا، سیالکوٹ اور نارووال میں بھی سیلاب میں گھرے افراد کی محفوظ مقامات پر منتقلی جاری ہے۔

قوم کے ساتھ پاک فوج کا عہد، ہر آزمائش میں عوام کے شانہ بشانہ

ریسکیو کیے جانے والوں میں بزرگ شہری، بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ پاک فوج نے سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر ریسکیو اینڈ ریلیف کیمپس بھی قائم کیے، پاک فوج نے ریلیف کیمپس میں سیلاب متاثرین کی طبی امداد کے انتظامات بھی کیے۔

سیلاب متاثرین نے پاک فوج کے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کو سراہا، مشکل گھڑی میں پاک فوج عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

سیلابی تباہی: جاں بحق افراد کے ورثاء کیلئے 20 لاکھ روپے امداد کا اعلان

اسلام آباد: وفاقی حکومت کی جانب سے سیلاب سے جاں بحق افراد کے ورثاء کیلئے 20، 20 لاکھ روپے امداد کا اعلان کردیا گیا ہے۔

 وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے وزیرآباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات کے گرنے پر معاوضہ نہیں مل سکتا، جو لوگ آبی گزرگاہوں میں رہتے ہیں انہیں نقصانات کا معاوضہ ادا کرنا ممکن نہیں ہوگا۔

Pakistan can face 'super flood' this year, NA body told - Pakistan - DAWN.COM

انہوں نے کہا کہ حکومت نے طے کیا ہے کہ آئندہ سے آبی گزرگاہوں میں کسی قسم کی تعمیرات کی اجازت نہیں ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے گھروں، فصلوں اور مال مویشی کے نقصانات کا سروے کیا جارہا ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ پہلی بار بارش کے 3، 4 سسٹم ساتھ ساتھ آئے ہیں، 3 دریاؤں کی طغیانی میں 2 لاکھ سے زائد افراد کو ریسکیو کیا گیا، پاک فوج اور انتظامیہ نے بروقت رسپانس دے کر کئی افراد کو بچایا۔

سیلابی صورتحال؛ مریم نواز کا عوام کے لئے اہم اعلان

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سیلاب کے خطرات کی زد میں آنے والے علاقوں کے عوام انتظامیہ سے تعاون کریں اور محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ کے گھروں، فصلوں اور مویشیوں کے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے، سب کے نقصانات کا ازالہ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت اولین ترجیح عوام کی جان کا تحفظ ہے، شہری انتظامیہ اور ریسکیو کرنے والے اداروں سے تعاون کریں۔

مریم نواز نے کہا کہ مویشیوں اور املاک کے نقصانات کا شفاف تخمینہ لگا کر پنجاب کے تمام متاثرین کا حق انہیں پہنچایا جائے گا یہ میرا کا وعدہ ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ خدارا سیلاب کی زد میں آئے علاقوں کے لوگ اس وقت اپنی اور اپنے بچوں کی زندگیوں کی حفاظت کو ترجیح دیں۔

ترک صدر کا سیلابی صورتحال پر شہباز شریف سے اظہارِ یکجہتی، ہر ممکن امداد کی پیشکش

ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں سیلابی صورتحال پر اظہارِ یکجہتی کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے ترک صدر رجب طیب ایردوان نے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور پاکستان کے مختلف حصوں میں سیلاب پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے تباہ کن سیلاب کی وجہ سے ہونے والے قیمتی جانوں اور املاک کے نقصان پر پاکستان کے عوام کے ساتھ اپنے ملک کی یکجہتی کا اظہار کیا اور پاکستان کو کسی بھی مدد کی پیشکش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ترکیہ امدادی کارروائیوں کے حوالے سے ہر ممکن مدد کے لئے تیار ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ٹیلیفون کال پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مضبوط، گہرے اور برادرانہ تعلقات کی عکاس ہے، دونوں فریق ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔

دونوں رہنماؤں نے اس سال کے شروع میں ہونے والی اپنی بات چیت اور چین کے شہر تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے دوران اپنی آئندہ ہونے والی ملاقات پر بھی گفتگو کی۔

سیلابی ریلے بھی جوانوں کا حوصلہ نہ توڑ سکے، پاک فوج دن رات سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں میں مصروف

صوبہ پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کا ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری ہے۔

پاک فوج کی 6 ریسکیو ٹیمیں متحرک ہوگئیں، دریائے ستلج اور دریائے راوی پر ریلیف سرگرمیاں جاری ہیں۔

ہیڈ سلیمانکی اور اٹاری کے مقامات پر پاک فوج کی ٹیمیں کشتیوں کے ذریعے متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہی ہیں۔

قصور میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سول انتظامیہ کے ساتھ  پاک فوج کے دستے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

پاک فوج کے ساتھ دیگر محکمے پولیس، محکمہ آبپاشی، صحت، لائیو سٹاک، 1122 اور سول ڈیفنس بھی امدادی سرگرمیوں میں شریک ہیں۔

پاک فوج نے سول انتظامیہ کے ساتھ مل کرضلع قصور میں 21 ریسکیو اینڈ ریلیف کیمپس قائم کئے ہیں۔

اب تک قصور کے دیہاتوں سے لگ بھگ 18 ہزار افراد اور مال مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کیے گئے ہیں۔

پاک فوج کا انتظامی کیمپ منڈی احمد آباد میں قائم، متاثرہ خاندانوں کو پناہ اور سہولیات فراہم کی جا رہی ہے۔

گنڈا سنگھ والا پر اونچے درجے کے سیلاب میں بھی پاک فوج متاثرہ عوام  کو ریلیف فراہم کرنے میں مصروف ہے۔

اوکاڑہ میں بھی پاک فوج کا ریسکیو اور ریلیف آپریشن تیزی سے جاری ہے۔

پاک فوج سیلاب کی تباہ کاریوں کے خلاف فرنٹ لائن پر موجود ہے تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔