اتوار، 22-مارچ،2026
ہفتہ 1447/10/02هـ (21-03-2026م)

آئندہ ماہ کتنی بارش ہو گی؟ ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی

30 اگست, 2025 14:18

ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات نے آئندہ ماہ بارشوں کے حوالے سے اہم پیشگوئی کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر عرفان ورک کے مطابق مون سون کا موجودہ سلسلہ آج سے بالائی علاقوں کی جانب بڑھ رہا ہے، جس کے باعث سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔

 انہوں نے خبردار کیا کہ ستمبر کے پہلے ہفتے کے اختتام پر مون سون بارشوں کا ایک اور اسپیل پاکستان میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس سے صورتحال مزید پیچیدہ ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں اب تک معمول سے 12 فیصد زائد مون سون بارشیں ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔

 ادارے کی رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ موسلادھار بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا کے دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، نوشہرہ، صوابی کے علاوہ مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، شمال مشرقی پنجاب، کشمیر، ڈیرہ غازی خان اور ملحقہ مقامی و برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

اسی طرح مری، گلیات، کشمیر اور خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ظاہر کیا گیا ہے، جو ٹریفک کی آمد و رفت کو متاثر کر سکتی ہے۔ مزید برآں، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، پشاور، نوشہرہ اور مردان کے نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ موسلادھار بارشوں، آندھی اور گرج چمک کے باعث روزمرہ کے معمولات متاثر ہو سکتے ہیں جبکہ کمزور انفرااسٹرکچر جیسے کچے گھر، دیواریں، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز، گاڑیاں اور سولر پینل کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ بھی موجود ہے۔

محکمہ نے مسافروں اور سیاحوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ موسم کی صورت حال کے مطابق اپنا سفر ترتیب دیں، اور دورانِ سفر احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے موسمی اپڈیٹس سے باخبر رہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔