اتوار، 22-مارچ،2026
ہفتہ 1447/10/02هـ (21-03-2026م)

پنجاب کے دریاؤں میں پانی کی سطح بلند، گنڈا سنگھ والا پر شدید سیلاب

30 اگست, 2025 14:34

ملک کے مختلف حصوں میں بارش کے بعد ندی نالے پھٹ پڑے ہیں جس سے نشیبی علاقے اور آبادی متاثر جبکہ سیلاب زدگان کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔

دریائے ستلج کے گنڈا سنگھ والا مقام پر انتہائی خطرناک سطح کا سیلاب برقرار ہے جس کے باعث تلوار پوسٹ سے ملحقہ دیہات خالی کرانے کے لیے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن کے مطابق تربیلا ڈیم 100 فیصد اور منگلا ڈیم 81 فیصد بھر چکے ہیں، اسی دوران دریائے راوی میں بلوکی اور دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا پر اونچے درجے کا سیلاب ہے، جبکہ چنیوٹ برج، راوی سائفن اور شاہدرہ پر بھی پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔

مزید برآں، گڈو، خانکی، قادرآباد اور جسر پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، اور سکھر، کوٹری، مرالہ اور ہیڈ اسلام میں نچلے درجے کے سیلاب کے آثار ہیں۔

چنیوٹ میں متاثرہ علاقوں میں مسلسل بارش جاری ہے جس سے نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے، جبکہ شیخوپورہ اور گرد و نواح میں بھی تیز بارش کے سبب پانی جمع ہو گیا۔ جہلم شہر میں ندی نالے پھٹ گئے اور پانی آبادیوں میں داخل ہو گیا، جس کے باعث ریسکیو ٹیموں کو امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے لاہور میں پریس کانفرنس میں بتایا کہ پنجاب میں تاریخ کا سب سے بڑا ریسکیو آپریشن جاری ہے، جس میں 800 سے زائد کشتیوں اور ہزاروں ریسکیو ورکرز نے حصہ لیا، اور پاکستان آرمی نے بھی ریسکیو آپریشن میں بھرپور تعاون کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے تینوں دریاؤں میں پانی کی سطح بہت زیادہ ہے، اور ضرورت پڑنے پر آبادی کو بچانے کے لیے شگاف بھی کھولے جائیں گے۔

آزاد کشمیر کے باغ میں موسلا دھار بارش سے نالہ ماہل میں طغیانی آ گئی، جس کے نتیجے میں نالے کے کنارے آباد بستی خالی کرائی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر کے بعض علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے، جبکہ شام یا رات کو سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں بھی کہیں کہیں بارش متوقع ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب نے بتایا کہ بھارت میں بند ٹوٹنے کی وجہ سے پانی قصور کی طرف بڑھا، اور دریائے ستلج میں قصور کے مقام پر 1955 کے بعد سب سے زیادہ پانی دیکھا گیا ہے۔ قصور شہر کو بچانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔