پنجاب کے دریاؤں میں شدید سیلاب، 20 لاکھ سے زائد افراد متاثر، 33 اموات ہوچکیں

Severe floods in Punjab rivers, more than 2 million people affected, 33 deaths
پنجاب کے دریاؤں میں سیلابی صورت حال ختم نہ ہوسکی، سیلاب سے متاثرہ افراد کی تعداد 20 لاکھ سے زائد ہوگئی جبکہ صوبے میں سیلاب کے باعث مختلف حادثات میں 33 افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔
ڈی جی پی ڈی ایم پنجاب عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی تعداد 20 لاکھ تک پہنچ چکی ہے جن اضلاع سے سیلابی ریلا گزر چکا ہے وہاں ہماری تمام تر توجہ بحالی کے کاموں پر مرکوز ہے۔
عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں سب سے بڑا ریسکیو آپریشن کیاگیا، متاثرہ علاقوں سے ساڑھے 7 لاکھ افراد کا انخلا کیا، پنجاب میں سیلاب کے باعث 2200 دیہات سیلاب سے متاثر ہوئی، متاثرین کے جانوروں کو محفوظ مقام تک پہنچانے کے لیے بیڑوں کا انتظام بھی کیا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ بارشوں کے نئے اسپیل سے بھی تباہی ہوئی ہے اور بارش کی وجہ سے اربن فلڈنگ کی صورت حال سے بھی نمٹنا پڑ رہا ہے، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہونے والے واقعات سے ہلاکتوں کی تعداد اب 33 ہوگئی ہے۔
جنوبی پنجاب کی جانب بڑھتا سیلابی ریلا
دوسری جانب کمشنر ملتان عامر کریم نے کہا ہے ابھی 40 ہزار کیوسک کا ریلا ملتان میں داخل ہوا ہے اور پیر کو دریائے چناب میں ملتان سے تقریباً 8 لاکھ کیوسک کا ریلا گزرنے کا خدشہ ہے۔
کمشنر ملتان کے مطابق ہیڈ تریموں سے 7 لاکھ کیوسک جبکہ راوی سے 90 ہزار کیوسک پانی ملتان میں داخل ہوگا، ہیڈ محمد والا کی گنجائش 10 لاکھ کیوسک ہے تاہم ضرورت پڑنے پر ہیڈ محمد والا پر شگاف ڈالا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ کا کہناہے کہ دریائےچناب کا ریلا 2 سے 3 ستمبرکے دوران مظفرگڑھ کی حدود میں داخل ہوگا، اس حوالے سے تیاریاں مکمل ہیں۔
دوسری جانب فیصل آباد کے قریب دریائے راوی میں پانی کی سطح بلند ہونے سے انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے جس سے دریا کے اطراف سیکڑوں ایکڑ اراضی اور فصلیں متاثر ہوئی ہیں۔
انتظامیہ کا بتانا ہے کہ فیصل آباد ماڑی پتن کے علاقے سے 2 لاکھ 15 ہزار کیوسک کا ریلا گزررہا ہے، 1500 سے زائد افراد کو ریلیف کیمپوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
دریائے چناب کا سیلابی ریلا سیال کوٹ، وزیرآباد اور چنیوٹ میں تباہی مچانےکے بعد جھنگ میں داخل ہوگیا جس کے باعث جھنگ میں 220 دیہات ڈوب گئے، سیکڑوں ایکڑ پر فصلیں تباہ ہوگئیں، رابطہ سڑکیں پانی میں غائب ہو گئیں۔
سندھ کی صورت حال
دریائے سندھ پرکوٹری بیراج میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور کوٹری بیراج میں پانی کی آمد 2لاکھ73ہزار844 کیوسک رکارڈ ہوا جب کہ پانی کا اخراج 2 لاکھ 44 ہزار 739 کیوسک رکارڈ ہوا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











