پیپلز پارٹی کا طاہر شگری کیخلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر

پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے رہنما اور چیئرمین ہلالِ احمر عمران ندیم پر بھارتی خفیہ ایجنسی "را” سے فنڈنگ لینے کا الزام لگانے پر مسلم لیگ (ن) شگر کے رہنما طاہر شگری کے خلاف پیپلز لائر فورم نے سیشن کورٹ شگر میں ہتک عزت کا مقدمہ دائر کر دیا ہے۔
پیپلز لائر فورم کی جانب سے 10 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا گیا ہے، جسے عدالت نے سماعت کے لیے منظور کر لیا ہے۔ کیس کی پہلی پیشی 10 ستمبر کو مقرر کی گئی ہے۔
مذکورہ کیس اس وقت سامنے آیا جب طاہر شگری نے ایک پریس کانفرنس میں عمران ندیم پر الزام عائد کیا کہ وہ بھارتی خفیہ ایجنسی "را” سے مالی معاونت حاصل کر رہے ہیں۔
الزام لگائے جانے کے بعد عمران ندیم کے وکیل کی جانب سے طاہر شگری کو قانونی نوٹس بھیجا گیا، تاہم نوٹس کا کوئی جواب نہ ملنے پر قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا گیا۔ پیپلز لائر فورم کی جانب سے سیشن کورٹ شگر میں باضابطہ مقدمہ دائر کر دیا گیا۔
پیپلز لائر فورم کے جنرل سیکرٹری اور معروف قانون دان بشارت غازی ایڈووکیٹ اس کیس کی پیروی کر رہے ہیں۔ عدالت میں مقدمہ دائر کرنے کے بعد پیپلز پارٹی کی جانب سے شگر سیکریٹریٹ میں ایک اہم پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں بشارت غازی ایڈووکیٹ، صوبائی وزیر تعلیم غلام شہزاد آغا، سید حیدر شاہ رضوی اور دیگر رہنما شریک ہوئے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











