ہفتہ، 21-مارچ،2026
ہفتہ 1447/10/02هـ (21-03-2026م)

غزہ کے حالات دنیا کا ضمیر جھنجھوڑنے کیلئے کافی ہیں،وزیراعظم شہباز شریف

01 ستمبر, 2025 11:50

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ غزہ کے حالات دنیا کا ضمیر جھنجھوڑنے کیلئے کافی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شاندار میزبانی پر صدر اور حکومت چین کا شکر گزار ہوں، تیانجن میں موجودگی میرے لیے باعثِ فخر ہے، تیانجن چین کی بنیادی قدروں کی نمائندگی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تیانجن مختلف تہذیبوں اور ثقافتوں کیلئے پُل کا کردار ادا کرتا ہے، تیانجن میں اسی جذبے کی تجدید کیلئے جمع ہوئے جسے چین نے عملی شکل دی، ایس سی او علاقائی تعاون کے فروغ کیلئے پاکستان کے عزم کی عکاس ہے، چین کی کامیابی صدر شی جن پنگ کی مدبرانہ قیادت کی عکاس ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، پاکستان کثیر الجہتی، مکالمے اور سفارت کاری کی طاقت پر یقین رکھتا ہے، تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ کسی بھی ملک کیلئے خود مختاری اور علاقائی سالمیت سے بڑھ کر کچھ نہیں، پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے، پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان نے صرف اپنے لیے نہیں بلکہ پورے خطے اور دنیا کیلئے قربانی دی، کچھ ممالک نے دہشت گردی کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا، ایران پر اسرائیل کی بلا جواز جارحیت قابل مذمت اور ناقابل قبول ہے، غزہ میں جاری ظلم اور بھوک ہمارے اجتماعی ضمیر پر نہ ختم ہونے والا زخم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے منظور کردہ ریاستی حل کی حمایت کرتا ہے، غزہ کے حالات دنیا کا ضمیر جھنجھوڑنے کیلئے کافی ہیں، خطے میں پائیدار امن کے لیے جامع مذاکرات کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے، بلوچستان اور کے پی میں دہشت گرد حملوں میں بیرونی ہاتھ ملوث ہونے کے ثبوت موجود ہیں، جعفر ایکسپریس حملے میں بیرونی ہاتھ ملوث ہونے کے شواہد ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ سی پیک پاکستان اور چین کے درمیان بہترین منصوبہ ہے، پاکستان پر امن ملک، تمام عالمی قوانین کا احترام کرتا ہے، پاکستان مذاکرات اور سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی، علیحدگی پسندی، انتہا پسندی خطے کیلئے سنگین خطرہ ہیں، گھناؤنے جرائم کے ذمے داروں، سہولت کاروں کو جواب دہ ہونا ہوگا، پاکستان شدید بارشوں، گلوبل وارمنگ، کلاؤڈ برسٹ ،تباہ کن سیلاب کی لپیٹ میں ہے، سیلاب سے انفرااسٹرکچر، جائیداد، فصلوں، مویشیوں کو شدید نقصان پہنچا، ہم سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچاؤ کیلئے نئی امید کا راستہ تراش رہے ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔