اندھیرے میں چمکتی روشنی؛ ایسی ٹیکنالوجی جس نے پنجاب کے سیلاب میں سینکڑوں زندگیاں بچا لیں

A Shining Light in the Darkness: The Technology That Saved Hundreds of Lives in Punjab’s Floods
پنجاب میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے دوران جدید تھرمل ڈرون ٹیکنالوجی نے کئی انسانی جانیں بچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
اوکاڑہ کے ایک نواحی گاؤں میں پانی کے زور سے لوگوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق تھے اور متعدد خاندان چھتوں پر محصور ہو گئے تھے، جہاں ایک ڈرون کی روشنی نے ریسکیو ٹیموں کو ان تک پہنچنے میں مدد دی۔
محمد رمضان اور ان کے اہل خانہ کو اس ٹیکنالوجی کی بدولت بروقت بچا لیا گیا، ورنہ وہ ممکنہ طور پر سیلاب کی لپیٹ میں آ سکتے تھے۔ جھنگ میں 60 سالہ فاطمہ بی بی بھی اسی طرح تھرمل ڈرون کی مدد سے بچائی گئیں، جو اندھیرے میں ان کی جسمانی حرارت پکڑ کر ٹیموں کو ان کے مقام سے آگاہ کر رہا تھا۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق اس سیلاب کے دوران تھرمل ڈرونز کا استعمال پہلی بار بڑے پیمانے پر کیا گیا اور اب تک تقریباً 490 افراد کو بچایا جا چکا ہے۔ یہ ڈرونز خاص طور پر رات کے اندھیرے اور خراب موسم میں کارآمد ثابت ہوئے جہاں روایتی تلاش ناکام رہی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس ٹیکنالوجی کو انقلابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیف سٹیز اتھارٹی کے ڈرونز کو 24 گھنٹے سیلاب زدہ علاقوں میں مامور کیا گیا ہے تاکہ کوئی شہری یا مویشی نظر انداز نہ ہو۔
ماہرین کے مطابق تھرمل کیمرے انسانی جسم کی خارج کردہ انفراریڈ حرارت کو رنگوں میں بدل کر دکھاتے ہیں جس سے یہ اندھیرے، دھند اور بارش میں بھی افراد کی موجودگی کا پتہ لگا سکتے ہیں۔
سکیورٹی اور ریسکیو آپریشنز میں یہ ٹیکنالوجی نہ صرف لوگوں کو تلاش کرنے میں مدد دیتی ہے بلکہ خود ٹیموں کی حفاظت بھی یقینی بناتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ فائر فائٹرز، سیکیورٹی ادارے، طبی ماہرین اور خودکار گاڑیوں میں بھی وسیع پیمانے پر استعمال ہو رہی ہے۔
پاکستان میں اب تک تھرمل ٹیکنالوجی کا استعمال زیادہ تر فوجی اور سیکیورٹی آپریشنز تک محدود تھا، مگر اب سیلابی صورتحال میں اس کے بڑے پیمانے پر استعمال نے اس کی اہمیت اجاگر کر دی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مستقبل میں قدرتی آفات کے دوران اس ٹیکنالوجی کا استعمال مزید بڑھایا جائے گا کیونکہ یہ محض سہولت نہیں بلکہ جان بچانے کا مؤثر ذریعہ بن چکی ہے۔
اگر روایتی طریقوں پر انحصار کیا جاتا تو شاید اس بار سینکڑوں جانیں ضائع ہو جاتیں، لیکن تھرمل ڈرونز نے کم وقت میں وہ کارنامہ انجام دیا جو پہلے ممکن نہیں تھا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











