بدھ، 3-دسمبر،2025
بدھ 1447/06/12هـ (03-12-2025م)

پاک فضائیہ نے عوام کو کبھی مایوس نہیں کیا، ایئر وائس مارشل شہریار خان

06 ستمبر, 2025 09:00

ایئر وائس مارشل شہریار خان نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ نے عوام کو کبھی مایوس نہیں کیا۔

 6 ستمبر یومِ دفاع کے موقع پر مزار قائد پر گارڈز تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی۔

 پاکستان ایئرفورس اکیڈمی اصغر خان کے دستے نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔

ایئر آفیسر کمانڈنگ، ایئر وائس مارشل شہریار خان تقریب کے مہمان خصوصی تھے جنہوں نے پریڈ کا معائنہ کیا۔

انہوں نے مزار قائد پر حاضری دی اور کہا کہ گارڈز کے فرائض سنبھالنا پاکستان ایئر فورس اکیڈمی اصغر خان کیلئے اعزاز ہے۔

ایئر وائس مارشل شہریار خان کا کہنا تھا کہ 6 ستمبر اس دن کی یاد دلاتا ہے جب ہم نے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملایا، ہم ہر محاذ پر تیار کھڑے ہیں، ہمارے دشمنوں کو ہمیشہ منہ کی کھانی پڑی۔

ایئر وائس مارشل نے کہا کہ پاک فضائیہ عوام کی امیدوں پر پورا اتری ہے، پاک فضائیہ نے عوام کو کبھی مایوس نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ فخر ہے پاک فضائیہ جنگ کے علاوہ امن کے وقت بھی پیش پیش ہوتی ہے، بنیان المرصوص نے 6 ستمبر کی یاد تازہ کی۔

ایئر وائس مارشل شہریار خان نے مزید کہا کہ یقین دلاتا ہوں فضائی حدود کا دفاع پاک فضائیہ کے مضبوط ہاتھوں میں ہے، تکنیکی جدت نے پاکستان فضائیہ کو دنیا میں منوایا۔

اسلام آباد نیول ہیڈ کوارٹرز میں یوم دفاع کی پروقار تقریب

اسلام آباد: نیول ہیڈ کوارٹرز میں یادگارِ شہدا پر یوم دفاع کی پروقار تقریب ہوئی۔

چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف تقریب کے مہمان خصوصی تھے، ایڈمرل نوید اشرف نے یادگار شہدا پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔

تقریب میں پاک بحریہ کے آفیسرز، چیف پیٹی آفیسرز اور سیلرز شریک ہوئے۔

یادگار شہدا پر یومِ دفاع کی تقریب میں شہدا کی فیملیز نے بھی شرکت کی۔

توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز

6 ستمبر یومِ دفاع پر توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز ہوا۔

وفاق میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ اسلام آباد میں شکرپڑیاں کے مقام پر 31 توپوں کی سلامی دی گئی۔

لاہور میں 21 توپوں کی سلامی بی ایکس اسٹیڈیم میں دی گئی، پشاور میں شیر خان اسٹیڈیم میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے توپوں کی سلامی دی اور فوجی جوانوں کی جانب سے پاکستان زندہ باد اور نعرہ تکبیر بلند کیا گیا۔

فضا نعرہ تکبیر، پاکستان زندہ باد اور افواج پاکستان پائندہ باد سے گونج اٹھی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔