آج ملک بھر میں رحمت للعالمین ﷺ کا یومِ ولادت نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے
آج ملک بھر میں رحمت للعالمین ﷺ کا یومِ ولادت نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے
ملک بھر میں آج رحمت للعالمین ﷺ کا یومِ ولادت نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
عید میلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں لاہور، پشاور، کراچی اور کوئٹہ میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔
آج ملک بھر میں مختلف مقامات پر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا اور نذر و نیاز کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
رحمۃ اللعالمینﷺ کی ولادت کے دن کی خوشی میں ملک کا قریہ قریہ، گلی گلی اور شہر شہر سبز پرچموں اور جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے۔
مساجد کو بھی برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے جبکہ درود و سلام اور نعت خوانی کی محافل کا انعقاد کیا جارہا ہے، فضائیں درود و سلام سے معطر ہیں۔
پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے 12 ربیع الاول کو فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے یوم ولادت النبیﷺ کے حوالے سے عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعظم کا 12 ربیع الاول پر پیغام
وزیراعظم شہباز شریف نے جشن ولادت رسول اللہﷺ کے موقع پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے انسانیت کو عدل، رحمت، مساوات اور وحدت کی نئی راہیں دکھائیں، سیرت طیبہﷺ ہمارے لیے ہر دور میں رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو خیر، علم اور امن کی طرف راغب کرنے کے لیے حیات طیبہﷺ سے روشناس کرنا ہوگا، محبت، بھائی چارے اور امن کے پیغام کو دنیا بھر میں پھیلانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں تعصب، فرقہ واریت، انتہا پسندی اور نفرت کی ہر شکل کو رد کرنا ہے، نبی کریمﷺ کی تعلیمات کو قومی کردار کاحصہ بناکر معاشی اور سماجی مسائل کا حل ممکن ہے، ہماری پالیسیوں کا مقصد مساوات، غربت کا خاتمہ اور علم و تحقیق کا فروغ ہے۔
صدر مملکت کا 12 ربیع الاول کے موقع پر پیغام
صدر مملکت آصف علی زرداری نے قوم اور مسلم امہ کو 12 ربیع الاول کے بابرکت دن کی مبارک باد دی۔
انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی اور یادگار موقع امت مسلمہ کے لیے خوشی اور عقیدت کا باعث ہے، 12 ربیع الاول اپنی زندگیوں کو تعلیمات نبویؐ کے مطابق ڈھالنے کے عہد کا دن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ کو درپیش مسائل کا حل نبی اکرمﷺ کی تعلیمات میں پنہاں ہے، ہمیں سیرت مصطفیٰﷺ کی روشنی میں مسائل کا حل تلاش کرنا ہے، نبی اکرمﷺ نے ہمیں اتحاد ، محبت اور بھائی چارے کی تلقین کی۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ نبی اکرمﷺکی تعلیمات پر عمل سے ہی معاشرتی اور اقتصادی مسائل سے نجات ممکن ہے، نبی اکرمﷺ نے ہمیشہ کمزوروں، یتیموں اور ضرورت مندوں کی مدد کا درس دیا۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ آئیں عہد کریں نبی اکرمﷺ کی تعلیمات کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنائیں گے، آئیں عہد کریں ہم اختلافات بھلا کر ملکی ترقی کے لیے متحد ہوکر کام کریں گے، نبی اکرمﷺ کی تعلیمات کی روشنی میں معاشرے کو مساوات اور امن کا گہوارہ بنائیں گے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








