بدھ، 3-دسمبر،2025
بدھ 1447/06/12هـ (03-12-2025م)

دریائے چناب میں اونچے درجے کا سیلاب، مظفرگڑھ کے سیکڑوں دیہات متاثر

08 ستمبر, 2025 13:00

دریائے چناب میں اونچے درجے کے سیلاب کی وجہ سے مظفر گڑھ میں سیکڑوں دیہات متاثر ہوئے۔

پولیس کے مطابق 24 گھنٹوں میں ایک ہزار سے زائد لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، امدادی کارروائیاں رنگپور، دوآبہ، سنکی، خان گڑھ، وہیلاں والی، بنڈہ اسحاق اور عظمت پور میں کی گئیں۔

پولیس نے بتایا کہ ضلع بھر میں ریسکیو کی 32 اور پولیس کی 8 کشتیاں لوگوں کو ریسکیو کر رہی ہیں، آرمی، وائلڈ لائف کی کشتیاں اور پرائیویٹ کشتیاں بھی لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کررہی ہیں۔

اوکاڑہ کی ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دریائے راوی اور دریائے ستلج میں بھی اونچے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے، 32 دیہات کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں کی چھٹیوں میں 8 تا 14 ستمبر تک توسیع کر دی گئی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا کہ پنجاب کے دریاؤں میں طغیانی کی صورتحال برقرار ہے، دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر انتہائی اونچے درجے اور سلیمانکی کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ دریائے چناب میں خانکی ہیڈ ورکس کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جبکہ دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے، ہیڈ سدھنائی کے مقام پر بھی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔

ترجمان کے مطابق 9 ستمبر تک پنجاب کے دریاؤں میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے، بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث دریاؤں کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔