کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق صبح سویرے گلستان جوہر، گلشن معمار، اورنگی، بلدیہ، سرجانی، سائٹ ایریا، حسن اسکوائر، پی آئی بی کالونی، صدر، کالا پل اور جناح اسپتال کے اطراف میں ہلکی اور درمیانی بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں سندھ میں شدت اختیار کر رہی ہیں جس کے باعث آج شہر قائد میں ہلکی سے درمیانی جبکہ 9 اور 10 ستمبر کو کراچی سمیت سندھ بھر میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ 10 ستمبر تک جاری رہ سکتا ہے۔
حکام کے مطابق شدید بارشوں سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے، ضلع دادو کے پہاڑی علاقوں اور ندی نالوں میں طغیانی جبکہ حب ڈیم میں پانی کی سطح بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
مزید برآں، تیز ہواؤں کے سبب کچے مکانات، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا بھی اندیشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








