پنجاب کی چاول کی فصل کو 60 فیصد نقصان کی خبریں بے بنیاد قرار، حقیقت کیا ہے؟
چاول کے برآمد کنندگان کی تنظیم (ریپ) نے حالیہ سیلاب سے پنجاب میں چاول کی فصل کو 60 فیصد نقصان پہنچنے کی خبروں کو سختی سے مسترد کر دیا۔
ریپ کے سینئر وائس چیئرمین جاوید جیلانی نے وضاحت کی کہ تنظیم کے تخمینے کے مطابق سیلاب سے زیادہ سے زیادہ 6 سے 7 لاکھ ایکڑ زرعی اراضی متاثر ہوئی ہے جو سرکاری اور آزاد سروے رپورٹس کے مطابق ہے۔
انہوں نے کہا کہ 60 فیصد نقصان کی باتیں محض افواہیں اور نقصان دہ پروپیگنڈا ہیں اصل نقصان صرف 10 سے 12 فیصد تک محدود ہے۔
جاوید جیلانی نے یہ بھی کہا کہ اگرچہ کچھ علاقوں میں فصلیں شدید متاثر ہوئی ہیں لیکن اضافی پانی کی بدولت ان علاقوں میں بہتر فی ایکڑ پیداوار متوقع ہے جہاں پہلے پانی کی کمی کا سامنا تھا۔ یوں بعض صورتوں میں نقصانات جزوی طور پر پورے بھی ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستان کی چاول کی فصل کے بارے میں منفی اور غیر مصدقہ رپورٹس عالمی منڈی میں نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہیں کیونکہ بھارت اس وقت کم قیمت پر چاول فروخت کر رہا ہے اور ایسی افواہوں کا فائدہ اٹھا کر عالمی خریداروں کو اپنی طرف کھینچ سکتا ہے۔
ان کے مطابق صرف درست اور تصدیق شدہ معلومات ہی سامنے لائی جانی چاہئیں تاکہ بیرونِ ملک خریداروں کا اعتماد قائم رہے۔ جاوید جیلانی نے مزید بتایا کہ پنجاب میں پانی کی سطح تیزی سے کم ہو رہی ہے اور امکان ہے کہ سندھ بھی حالات کو بہتر طریقے سے سنبھال لے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








