دریائے چناب نے جلالپور پیروالا میں تباہی مچا دی، 100 سے زائد بستیاں ڈوب گئیں
Chenab River wreaks havoc in Jalalpur Pirwala, over 100 villages submerged
دریائے چناب ملتان کے مقام پر سیلابی صورتحال بدستور برقرار ہے۔
پانی کے شدید دباؤ کے باعث انتظامیہ نے شیر شاہ کے مقام پر بند میں شگاف ڈالنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس مقام پر پانی کا بہاؤ 4 لاکھ کیوسک ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جبکہ ہیڈ تریموں سے پانچ لاکھ کیوسک سے زائد کا ریلا ملتان پہنچ چکا ہے۔ صورتِ حال کی سنگینی کے پیشِ نظر انتظامیہ نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
سیلابی صورتحال کے باعث اب تک 10 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے، جبکہ سیکڑوں افراد کو کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ تاہم اب بھی متعدد افراد کے پانی میں پھنسے ہونے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
لیاقت پور میں سیلاب متاثرین کی ایک اور کشتی الٹ گئی، جس میں کمسن بچوں اور خواتین سمیت 14 افراد سوار تھے۔ مقامی افراد نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 13 افراد کو بچا لیا، تاہم 9 ماہ کے ایک بچے کی تلاش تاحال جاری ہے۔ بند ٹوٹنے کے باعث متاثرہ 16 دیہات سے 2 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
مظفرگڑھ میں زمیندارہ بند ٹوٹنے سے متعدد بستیاں زیرِ آب آ گئیں، جہاں ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ علی پور میں بھی سیلابی پانی نے تباہی مچا دی ہے، جہاں 70 فیصد علاقہ زیرِ آب آ چکا ہے۔ نواحی شہر سیت پور اور بستی مہیسر میں بھی پانی داخل ہو گیا ہے، جس کے باعث بڑی تعداد میں لوگ نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو شہر کو شدید خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
پنجاب میں سیلابی صورتِ حال روز بروز بگڑتی جا رہی ہے، جہاں اب تک 26 اضلاع اور 4 ہزار 364 بستیاں متاثر ہو چکی ہیں۔ مجموعی طور پر صوبے بھر میں 61 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی جا چکی ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں، تاہم متاثرہ علاقوں میں فوری ریلیف اور بحالی کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








