بدھ، 3-دسمبر،2025
بدھ 1447/06/12هـ (03-12-2025م)

وزیراعظم شہباز شریف کا امریکا سے تعلقات بہتر بنانے اور چین کے ساتھ اسٹریٹیجک پارٹنرشپ مضبوط کرنے کا عزم

10 ستمبر, 2025 15:15

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو امریکا کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرنے ہیں جبکہ چین کے ساتھ اسٹریٹیجک تعلقات میں مزید بہتری لانا قومی ترجیح ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میجر عدنان اسلم نے خوارج کے خلاف لڑتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کیا، ان کے والدین اور بہنوں نے شہادت پر فخر کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ افواج پاکستان کی قربانیوں کی بدولت ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں اور قوم کو اپنے شہداء کی قدر کرنی چاہیے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سوشل میڈیا پر کچھ عناصر اداروں کے خلاف پروپیگنڈہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ایسے افراد کی نشاندہی کریں جو افواج پاکستان اور ان کی قیادت کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’زہریلے پروپیگنڈے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے‘‘۔

انہوں نے واضح کیا کہ ملک سے دہشتگردی کے فتنے کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا قومی فرض ہے اور ’’نفرت کارڈ ناقابل قبول‘‘ ہے۔

امریکا اور چین کے ساتھ تعلقات

وزیراعظم نے کہا کہ چین کا حالیہ دورہ کامیاب رہا جہاں پاکستان نے 4 ارب ڈالر کی زرعی مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بزنس ایونٹ کو غیرمعمولی پذیرائی ملی لیکن کامیابی اسی وقت ممکن ہے جب اس کا باقاعدہ فالو اپ ہوگا۔

اسی طرح امریکی کمپنیوں کے ساتھ مائن اینڈ منرلز کے حوالے سے ایم او یوز سائن کیے گئے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان، گلگت بلتستان اور چترال میں قیمتی وسائل موجود ہیں جنہیں بروئے کار لانے کے لیے شراکت داری ضروری ہے۔

سیلابی صورتحال

شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب اور سندھ میں سیلاب نے تباہی مچا دی ہے۔ ہزاروں ایکڑ زمین پانی میں ڈوب گئی ہے۔ انہوں نے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا تخمینہ لگانے اور فوری ریلیف کی ہدایات جاری کیں۔ وزیراعظم نے دعا کی کہ سندھ میں نقصانات کم ہوں۔

فلسطین اور قطر پر اسرائیلی بربریت

وزیراعظم نے قطر پر اسرائیلی حملے اور فلسطین میں جاری مظالم کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ فلسطینیوں کا خون بہایا جا رہا ہے اور دنیا کی تاریخ میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ پاکستان نے قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور امیر قطر کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ’’مشکل وقت میں ہم آپ کے ساتھ ہیں‘‘۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔