بحریہ ٹاؤن کے رہائشیوں کیلئے خطرے کی گھنٹی بج گئی
Alarm bells ring for Bahria Town residents
بحریہ ٹاؤن کے رہائشیوں کیلئے خطرے کی گھنٹی بج گئی۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے بحریہ ٹاؤن کراچی کو جاری کیا گیا عارضی این او سی منسوخ کر دیا ہے، جو ستمبر 2022 میں فروخت اور تشہیر کے لیے جاری کیا گیا تھا۔ یہ فیصلہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی روشنی میں کیا گیا، جو نومبر 2023 میں کیس نمبر 8758/2018 کے تحت جاری کیے گئے تھے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق بحریہ ٹاؤن کراچی کی انتظامیہ نے زمین کے مالکانہ حقوق سے متعلق ضروری دستاویزات جمع نہیں کرائیں، جبکہ 460 ارب روپے کی قسطیں بھی مقررہ تاریخ 31 اگست 2025 تک ادا نہیں کی گئیں۔ ان وجوہات کی بنیاد پر ایس بی سی اے نے موقف اپنایا کہ این او سی برقرار رکھنا ممکن نہیں رہا۔
نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا کہ ان قانونی خلاف ورزیوں کے باعث 16 ہزار 896 ایکڑ اراضی کی قانونی حیثیت اور سلامتی خطرے میں پڑ گئی ہے، جس کی بنا پر جاری شدہ این او سی اپنی افادیت کھو چکا ہے۔ اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ اگر یہ این او سی برقرار رکھا جاتا تو یہ نہ صرف عوام کو گمراہ کرنے کے مترادف ہوتا بلکہ غیر قانونی اقدامات کو قانونی جواز بھی فراہم کرتا۔
ایس بی سی اے کے بورڈ کی 3 ستمبر 2025 کو منعقد کی گئی 20ویں میٹنگ میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ بحریہ ٹاؤن کراچی کا این او سی فوری طور پر منسوخ کر دیا جائے۔ اس فیصلے کے تحت بحریہ ٹاؤن کراچی میں ہر قسم کی خرید و فروخت، بکنگ یا اشتہارات سے اجتناب کرنے کی سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
تاہم ایس بی سی اے نے یہ یقین دہانی کرائی ہے کہ موجودہ الاٹیوں کے حقوق سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق محفوظ رہیں گے اور ان کے مفادات کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








