بدھ، 3-دسمبر،2025
منگل 1447/06/11هـ (02-12-2025م)

اسرائیل کے بزدلانہ حملے؛ وزیراعظم دوحہ پہنچ گئے، محمد بن سلمان کی آمد متوقع

11 ستمبر, 2025 14:15

دوحہ پر اسرائیلی حملے کے بعد قطر عالمی سفارتی توجہ کا مرکز بن گیا ہے، جہاں اہم عالمی و علاقائی رہنماؤں کے دوروں کا سلسلہ جاری ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر دوحہ پہنچ گئے، قطر کے نائب وزیر اعظم شیخ سعود بن عبدالرحمان نے استقبال کیا۔

 اسحاق ڈار، خواجہ آصف، عطا تارڑ، طارق فاطمی بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں، وزیر اعظم کی دوحہ میں امیر قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی سے ملاقات ہوگی۔

 وزیر اعظم اسرائیلی حملوں پر قطری قیادت، عوام سے یکجہتی کا اظہار کریں گے، ملاقات میں اسرائیلی جارحیت اور خطے میں امن کے قیام پر مشاورت ہوگی۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان قطر پہنچ چکے ہیں، جب کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا بھی غیر متوقع طور پر آج دوحہ کا دورہ متوقع ہے۔ گزشتہ روز اردن کے ولی عہد حسین بن عبداللہ بھی قطر کا دورہ کر چکے ہیں، جس سے صورتحال کی سنگینی اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے ایک امریکی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں اسرائیلی حملے کو یرغمالیوں کی رہائی کے عمل کے لیے تباہ کن قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے اس اقدام نے نہ صرف مذاکراتی عمل کو نقصان پہنچایا بلکہ قیدیوں کی رہائی کی تمام امیدیں بھی ختم کر دی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔

واضح رہے کہ 9 ستمبر کو اسرائیل نے دوحا میں فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کی اعلیٰ قیادت کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔ تاہم، حماس کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ تنظیم کی قیادت حملے میں محفوظ رہی، مگر مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ خلیل الحیا کے مشیر اور ان کے بیٹے سمیت پانچ افراد شہید ہو گئے۔

اسی تناظر میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے فون پر رابطہ کر کے دوحا پر حملے پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ فیصلہ غیر دانشمندانہ اور خطرناک نتائج کا حامل ہو سکتا ہے۔ عالمی سطح پر اس حملے کے بعد قطر کی سیاسی و سفارتی اہمیت میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔