پاکستانی انجینئرز کیلیے بڑی خوشخبری آگئی
Great News for Pakistani Engineers
پاکستانی انجینئرز کی تربیت کیلیے چینی کمپنیوں کے ساتھ تاریخی معاہدہ طے پا گیا ہے۔
پاکستانی انجینئرز کی پیشہ ورانہ تربیت، استعداد کار میں اضافے اور بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگی کے لیے پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی) اور چین کی معروف کمپنیوں کے درمیان ایک تاریخی معاہدہ طے پا گیا ہے۔ اس معاہدے پر دستخط وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ دورہ چین کے دوران بی ٹو بی کانفرنس کے موقع پر کیے گئے۔
معاہدے میں چین کی تین بڑی کمپنیاں شامل ہیں جن میں تھر کول بلاک 1 پاور جنریشن کمپنی، سینو سندھ ریسورسز اور شنگھائی الیکٹرک انجینئرنگ کنسلٹنگ کمپنی شامل ہیں۔ معاہدے کے تحت سی پیک منصوبے کے دائرہ کار میں پاکستانی انجینئرز کو توانائی کے شعبے میں عملی تربیت دی جائے گی۔ اس کے علاوہ انجینئرز کو چین میں بھیجنے، ان کے تبادلے اور چینی زبان سیکھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
معاہدے کے تحت آئندہ پانچ برسوں میں 100 پاکستانی انجینئرز کو تھر کول منصوبے پر تربیت دی جائے گی۔ اس کے علاوہ 350 ملین روپے کا خصوصی اسکالرشپ فنڈ بھی قائم کیا جائے گا، جس سے پانچ سالوں میں 175 مستحق طلبہ کو وظائف دیے جائیں گے۔ تربیتی پروگرام میں آن لائن چینی زبان کورس بھی شامل ہوگا تاکہ انجینئرز کو زبان پر عبور حاصل ہو اور وہ بہتر انداز میں کام کر سکیں۔
پاکستان انجینئرنگ کونسل کے چیئرمین انجینئر وسیم نذیر نے اس پیشرفت کو پاکستانی انجینئرز کے لیے ایک "سنگِ میل” قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاہدے سے پاکستانی انجینئرز کو نہ صرف عالمی معیار کی تربیت ملے گی بلکہ بین الاقوامی تجربے اور زبان سیکھنے کے نئے مواقع بھی دستیاب ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ معاہدہ پاکستانی انجینئرز کے لیے کیریئر کی نئی راہیں کھولے گا اور ملک کی توانائی اور صنعتی ضروریات پوری کرنے میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات پاکستان کے انجینئرنگ شعبے کو نہ صرف مضبوط کریں گے بلکہ نوجوانوں کو عالمی میدان میں باوقار مقام دلانے میں بھی مددگار ثابت ہوں گے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








