بدھ، 3-دسمبر،2025
منگل 1447/06/11هـ (02-12-2025م)

میجر عزیز بھٹی شہید (نشان حیدر) کا یومِ شہادت؛ پاک فوج کے سربراہان کا ہیرو کو خراج عقیدت پیش

12 ستمبر, 2025 08:05

میجر عزیز بھٹی شہید (نشان حیدر) کے یومِ شہادت پر پاک فوج کے سربراہان نے ہیرو کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، جنرل ساحر شمشاد مرزا (چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی)، ایڈمرل نوید اشرف (چیف آف نیول اسٹاف) اور ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو (چیف آف ائیر اسٹاف) نے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید (نشانِ حیدر) کی ساٹھویں برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی لازوال قربانی کو سلام پیش کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 1965 کی جنگ میں میجر عزیز بھٹی نے لاہور کے قریب بُرکی سیکٹر کا دفاع کرتے ہوئے پانچ دن اور پانچ راتیں دشمن کے تابڑ توڑ حملوں کے خلاف فولادی دیوار کا کردار ادا کیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ ان کے عزمِ صمیم اور غیر معمولی قیادت نے سپاہیوں کا حوصلہ بلند رکھا اور دشمن کی بڑی قوت کو روکے رکھا، یہ تاریخی مزاحمت نہ صرف دشمن کی پیش قدمی روکنے میں سنگِ میل ثابت ہوئی بلکہ ان کی قربانی جرات اور وطن سے وفاداری کی روشن علامت بن گئی۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ میجر عزیز بھٹی شہید کی جانفشانی اور فرض کے ساتھ غیر متزلزل وابستگی آج بھی آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے، قوم جب ان کی قربانی کو یاد کرتی ہے تو اس موقع پر تمام شہدا کے مقدس لہو کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے مادرِ وطن کی خودمختاری اور سلامتی کے لیے اپنی جانیں نچھاور کیں۔

مسلح افواجِ پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وطن کے دفاع کے لیے اسی حوصلے اور کردار کی قوت کے ساتھ ڈٹے رہیں گے جس کی مثال میجر عزیز بھٹی شہید نے قائم کی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔