سندھ حکومت نے کسانوں کو بڑی خوشخبری سنادی
Sindh Government Announces Great News for Farmers
سندھ حکومت نے کسانوں کے لیے سبسڈی والا سولر پینل منصوبہ متعارف کروا دیا۔
سندھ حکومت نے صوبے کے کسانوں کے لیے ایک سبسڈی والا سولر پینل منصوبہ متعارف کروایا ہے جس کا مقصد زرعی زمینوں پر ڈرِپ اِریگیشن سسٹم کو شمسی توانائی پر منتقل کرنا ہے۔
اس حوالے سے سندھ کے وزیر زراعت محمد بخش مہر نے بتایا کہ منصوبے کے تحت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کسانوں کو جن کے پاس 5 سے 25 ایکڑ زرعی زمین ہے، سبسڈی کے تحت سولر پینلز فراہم کیے جائیں گے۔
منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 295 سولر یونٹس صوبے بھر میں 4,000 ایکڑ اراضی پر نصب کیے جائیں گے۔ اس نظام میں لاگت کی تقسیم شراکت داری کی بنیاد پر کی جائے گی، جس کے مطابق کسان صرف 20 فیصد رقم ادا کریں گے جبکہ باقی 80 فیصد لاگت سندھ حکومت برداشت کرے گی۔
اس کے ساتھ ساتھ سندھ حکومت نے "بینظیر ہاری کارڈ” کی فراہمی کا بھی اعلان کیا ہے، جو ہزاروں نئے رجسٹرڈ کسانوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ وزیر زراعت کے مطابق صوبے میں 80,000 نئے کسانوں کی رجسٹریشن اور تصدیق کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔
سندھ بینک رواں ماہ کے آخری ہفتے میں پہلے مرحلے میں 50,000 کارڈز جاری کرے گا، جبکہ ہر 20 دن بعد مزید 50,000 کارڈز جاری کیے جائیں گے۔ ان کارڈز کے ذریعے کسانوں کو مالی معاونت اور سبسڈی دی جائے گی۔
وزیر زراعت نے مزید بتایا کہ سندھ کے کسان 20 ستمبر تک اپنی درخواستیں ڈائریکٹر جنرل ایگریکلچر، حیدرآباد کے دفتر میں جمع کرا سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے 18 جنوری کو اپنی انتخابی مہم کے دوران "کسان کارڈ” کا اعلان کیا تھا، جو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی طرز پر کسانوں کو ریلیف دینے کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔
انہوں نے جنرل الیکشن 2024 کے سلسلے میں نوشہرو فیروز میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی تھی کہ عوامی حمایت سے ان کی جماعت وفاق اور سندھ میں حکومت بنائے گی، اور وزیراعظم بننے کے بعد وہ بنیادی تنخواہوں میں دوگنا اضافہ کریں گے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








