بدھ، 3-دسمبر،2025
منگل 1447/06/11هـ (02-12-2025م)

پنجاب میں سیلابی صورت حال برقرار، شجاع آباد، رحیم یار خان، راجن پور اور وہاڑی میں تباہی

14 ستمبر, 2025 11:09

پنجاب میں دریائے ستلج اور چناب سے زرعی رقبے اور دیہات کی تباہی کا سلسلہ جاری ہے۔ ملتان سے آگے بڑھنے والے سیلابی ریلے نے تحصیل شجاع آباد اور جلال پور پیروالا میں تباہی مچادی۔ اس وقت پانچوں دریاؤں کے سنگم ہیڈ پنجند اور علی پور میں تباہی جاری ہے۔

سیلابی ریلا بڑے رقبے پر پھیل جانےسے بہاول پور اور جنوبی پنجاب کے اکثر دیہات ڈوب چکے ہیں سیلاب گڈو بیراج کے ملحق کچے کو بھی شدید متاثر کررہاہے۔

 فیڈرل فلڈ کمیشن کے مطابق دریائے چناب میں پنجند بیراج کے مقام پر بہت اونچے درجے کا سیلاب ہے جبکہ اگلے 24 سے 48 گھنٹوں میں گڈو بیراج میں بہت اونچے درجے کے سیلاب کی پیش گوئی ہے۔

ملتان کو دریائے چناب سے سیلابی صورت حال کا سامنا ہے، ہیڈ محمد والا اور شیر شاہ کی درجنوں بستیاں ابھی تک گہرے پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں۔شجاع آباد اورجلال پور پیروالا میں لاکھوں لوگ بے گھر ہیں۔

ادھر چاچڑاں میں سیکڑوں مکانات دریا برد ہوگئے، ہزاروں ایکڑ فصلیں تباہ اور رابطہ سڑکیں ڈوب گئیں۔ کوٹ مٹھن میں بھی پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہے۔

صادق آباد میں نبی شاہ کے مقام پر زمیندارہ بند ٹوٹ گیا جس کی وجہ سے  پانی آبادی میں داخل ہوگیا۔

شجاع آباد میں بھی سیلابی ریلا تباہی مچارہاہے ۔ متاثرین کی مشکلات بڑھنے لگيں ۔ بستی دھوندو کے بند میں شگاف بڑھ کر دو سوچالیس فٹ ہوگيا۔

جلال پور پیروالا میں بھی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔  شیر شاہ میں کے متعدد علاقے بھی زیر آب آگئے۔ اوچ شریف کے دریائی علاقوں میں سیلابی صورتحال ہے اور  زیر آب بستیوں میں رات گئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

جنوبی پنجاب کے ضلع راجن پور میں کچے کےعلاقے میں سیلاب کے باعث ہزاروں افراد گھر چھوڑنے پر مجبور  ہیں۔ علاوہ ازیں روجھان ، بنگلہ اچھا ، سونمیانی اورکوٹ مٹھن میں کچے کےعلاقے متاثر  ہوئے ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق ایک لاکھ 10 ہزار افراد اور ایک لاکھ سے زائد مویشیوں کو منتقل کیا جاچکا ہے ،متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس بھی قائم کردیے گئے ہیں ، ڈرونز کی مدد سے سیلاب میں پھنسے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

دوسری جانب وہاڑی میں بھی 100 سے زائد دیہی علاقے سیلاب میں گھر گئے۔ 76  ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر فصلیں زیر آب آگئیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔