منگل، 2-دسمبر،2025
منگل 1447/06/11هـ (02-12-2025م)

اسلام آباد اور راولپنڈی کے شہریوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

15 ستمبر, 2025 15:17

اسلام آباد اور راولپنڈی کے جڑواں شہروں کے درمیان جدید اور تیز رفتار ٹرین چلانے کا منصوبہ حتمی مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر ریلوے حنیف عباسی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں تیز رفتار ٹرین سروس کے آغاز پر اتفاق کیا گیا، جس کے ذریعے شہری ٹریفک جام جیسے مسائل سے نجات حاصل کر سکیں گے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان یہ ٹرین 20 منٹ میں سفر طے کرے گی، جس سے دونوں شہروں میں ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا۔ مارگلہ اسٹیشن اسلام آباد سے راولپنڈی صدر تک ریل منصوبے کی تکمیل پر اتفاق رائے قائم ہوا اور آئندہ ہفتے فریم ورک ایگریمنٹ کو حتمی شکل دے کر دستخط کیے جائیں گے۔

ریلوے وزارت ٹریک فراہم کرے گی جبکہ ریل سروس کا انتظام کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) سنبھالے گی۔ اجلاس میں جدید ٹرین امپورٹ کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ شہریوں کو معیاری اور جدید سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔

وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ یہ منصوبہ عوامی فلاح کے لیے بہترین ثابت ہوگا اور شہری آسانی سے جڑواں شہروں کے درمیان سفر کر سکیں گے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے سفر میں سہولت اور معیار دونوں بہتر ہوں گے جبکہ وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے اس بات پر زور دیا کہ ٹرین سروس کم خرچ اور تیز رفتار ہوگی، جس سے سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ بھی کم ہوگا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔