منگل، 2-دسمبر،2025
منگل 1447/06/11هـ (02-12-2025م)

کراچی کے علاقے کورنگی سے اپنی شادی کے دن پُراسرار طور پر لاپتہ دلہا 5 روز بعد گھر پہنچ گیا

16 ستمبر, 2025 09:45

کراچی کے علاقے کورنگی مدینہ کالونی سے اپنی شادی کے روز پُراسرار طور پر لاپتہ ہونے والا دلہا 5 روز بعد گھر پہنچ گیا۔

تفصیلات کے مطابق واقعے کا مقدمہ اغوا کی دفعات کے تحت اس کے والد نے 2 روز بعد زمان ٹاؤن تھانے میں درج کروایا تھا۔

ایس ایچ او تھانہ زمان ٹاؤن نفیس الرحمان کے مطابق دلہا جہانزیب کے والد وسیم کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

مدعی نے اپنے بیان میں بتایا تھا کہ وہ مکان نمبر A/119 مدینہ کالونی سیکٹر 50/A کورنگی نمبر ساڑھے تین میں رہائش پذیر ہے، جہانزیب کی بارات 11 ستمبر کو تھی اور شادی کے روز شام 6 بجے وہ کورنگی نمبر چار پر واقعے سیلون جانے کے لیے موٹر سائیکل پر گھر سے نکلا تھا۔

شام تقریباً ساڑھے 7 بجے سیلون سے تنویر نامی شخص کی کال آئی جس نے بتایا کہ جہانزیب تاحال سیلون نہیں پہنچا ہے اس نے بکنگ کروائی تھی، فون کال کے بعد جہانزیب کی تلاش شروع کی اور اس ہی دوران جہانزیب کا زیر استعمال موبائل فون بھی گھر پر موجود پایا۔

والد نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ نامعلوم افراد نے ان کے بیٹے جہانزیب کو اغوا کر لیا ہے جبکہ اہلخانہ نے بتایا کہ جہانزیب نجی فیکٹری میں ملازمت کرتا ہے۔

انویسٹی گیشن پولیس کے مطابق دلہا جہانزیب شادی کے روز خود گھر چھوڑ کر گیا تھا، جہانزیب شادی کے روز گھر سے سیلون جانے کا بول کر گیا تھا اور اپنا موبائل فون بھی گھر چھوڑ گیا تھا۔

ابتدائی طور پر جہانزیب کا بتانا ہے رشتہ گھر والوں نے اپنی مرضی سے کیا تھا، جہانزیب اپنی شادی کو لیکر ذہنی طور پر پریشان تھا اور گھر چھوڑ کر جانے کے بعد دن رات سڑکوں پر گزاریں۔

جہانزیب کے اغوا کا مقدمہ زمان ٹاون تھانے میں درج ہے، پولیس کی دلہا جہانزیب سے مزید پوچھ گچھ جاری ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔