منگل، 2-دسمبر،2025
منگل 1447/06/11هـ (02-12-2025م)

ایچ پی وی ویکسین سے بچیوں کی طبیعت خراب ہونے کا دعویٰ؟ بڑی حقیقت سامنے آگئی

17 ستمبر, 2025 11:42

پاکستان میں ہیومن پیپیلوما وائرس (ایچ پی وی) ویکسین کی قومی مہم کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے، جس کا مقصد 9 سے 14 سال کی عمر کی لڑکیوں کو سروائیکل کینسر جیسے مہلک مرض سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔

 اس مہم کے تحت ملک بھر میں پبلک اسکولوں، ہیلتھ سینٹرز، کمیونٹی مراکز اور موبائل ٹیموں کے ذریعے ویکسین کی فراہمی کی جا رہی ہے۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے تعاون سے اس مہم کے لیے 49 ہزار سے زائد ہیلتھ ورکرز کو تربیت دی گئی ہے، جو ایک ڈوز پر مشتمل یہ ویکسین لڑکیوں کو فراہم کریں گے۔ پاکستان اس اقدام کے بعد دنیا کا 150واں ملک بن گیا ہے جس نے ایچ پی وی ویکسین متعارف کرائی ہے۔

تاہم ویکسینیشن مہم کے آغاز کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر اس کے خلاف ایک منظم مہم بھی سامنے آئی ہے۔ بعض صارفین نے یہ دعویٰ کیا کہ ایچ پی وی ویکسین لڑکیوں کو ماں بننے کی صلاحیت سے محروم کرنے کے لیے دی جا رہی ہے، جبکہ ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں کہا گیا کہ اسکول میں بچیوں کو زبردستی ویکسین دی گئی جس کے بعد ان کی طبیعت خراب ہو گئی اور انہیں اسپتال منتقل کرنا پڑا۔

 

 

اس ویڈیو کے حوالے سے جب تحقیقات کی گئیں تو معلوم ہوا کہ اس کا ایچ پی وی ویکسین سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ دراصل یہ ویڈیو 2024 میں آزاد کشمیر کے علاقے ڈڈیال کی ہے، جہاں 9 مئی کو احتجاجی ریلی کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپ ہوئی تھی۔ آنسو گیس کی شیلنگ کے باعث ہائی اسکول کی کم از کم 22 طالبات بے ہوش ہو گئی تھیں، جبکہ 12 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے تھے۔ اس واقعے کو ویکسین سے جوڑنا سراسر غلط اور گمراہ کن ثابت ہوا۔

 

 

 

ویکسین مہم کے دوران والدین کو آگاہی فراہم کرنے کے لیے وائس میسیجز، کمیونٹی سیشنز اور دیگر ذرائع استعمال کیے جا رہے ہیں تاکہ معاشرے میں موجود غلط فہمیوں اور افواہوں کا مؤثر انداز میں ازالہ کیا جا سکے۔ حکام نے زور دیا ہے کہ یہ ویکسین محفوظ ہے اور اس کا مقصد صرف اور صرف بچیوں کو مستقبل میں سروائیکل کینسر جیسے خطرناک مرض سے بچانا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔