کراچی میں آشوبِ چشم کے کیسز میں تیزی سے اضافہ
کراچی میں آشوبِ چشم کے کیسز میں تیزی سے اضافہ
کراچی میں آشوبِ چشم (ریڈ آئی یا پنگ آئی انفیکشن) کے مریضوں کی تعداد تیزی سے بڑھنے لگی ہے، سرکاری و نجی اسپتالوں میں روزانہ درجنوں شہری آنکھوں میں سرخی، خارش، پانی آنے اور روشنی سے چبھن جیسی علامات کے ساتھ پہنچ رہے ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق ایڈینو وائرس، برسات کے موسم میں بڑھتی ہوئی نمی اور ناقص صفائی ستھرائی اس وبا کی بنیادی وجوہات ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ہلکے انفیکشن میں متاثرہ افراد چند دنوں میں صحت یاب ہوجاتے ہیں، تاہم شدید کیسز میں یہ بیماری کئی ہفتوں تک برقرار رہ سکتی ہے اور بعض اوقات قرنیہ کو بھی متاثر کرتی ہے، جس کے باعث دھندلا پن اور روشنی سے حساسیت پیدا ہوتی ہے۔
جناح اسپتال کراچی کے سربراہ امراض چشم پروفیسر اسرار احمد بھٹو نے بتایا کہ بارشوں کے بعد مریضوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور اسپتال میں روزانہ 15 سے 20 کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں، انفیکشن زیادہ تر ہاتھ ملانے یا متاثرہ آنکھ رگڑنے کے بعد دوسروں کے ساتھ رابطے کے ذریعے پھیلتا ہے۔
انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ آنکھوں کو کھجانے سے گریز کریں، تولیہ اور تکیہ دوسروں کے ساتھ استعمال نہ کریں، ہاتھ دھونے کی عادت اپنائیں اور روشنی چبھنے کی صورت میں سن گلاسز پہنیں۔
پروفیسر اسرار نے خبردار کیا کہ خود سے اسٹیرائیڈ والے ڈراپس یا گھریلو ٹوٹکے استعمال نہ کریں، کیونکہ اس سے طویل مدتی نقصان کا خدشہ ہوتا ہے۔
سول اسپتال کراچی کی ماہر امراض چشم ڈاکٹر خالدہ کے مطابق روزانہ 10 سے 12 مریض مختلف علاقوں سے آرہے ہیں، جن میں قائد آباد، بلدیہ ٹاؤن اور کیماڑی کے رہائشی شامل ہیں۔ نجی کلینکس کے ڈاکٹروں نے بھی کیسز میں اضافے کی تصدیق کی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








