جیل میں بیٹھا شخص ٹوئٹ کرتا ہے، سمجھتا ہے اس سے ہلچل مچ جائے گی، مریم نواز
جیل میں بیٹھا شخص ٹوئٹ کرتا ہے، سمجھتا ہے اس سے ہلچل مچ جائے گی، مریم نواز
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ جیل میں بیٹھا شخص ٹوئٹ کرتا ہے، سمجھتا ہے اس سے ہلچل مچ جائے گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سرگودھا میں الیکٹرک بس سروس کا افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرگودھا کے عوام کو ای بسوں کی اشد ضرورت تھی، یہ ان کے لیے تحفہ ہے۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ سرگودھا شہر کے لیے 60 اور ڈویژن کے اضلاع بھکر، میانوالی اور خوشاب کے لیے 105 الیکٹرک بسیں فراہم کی جائیں گی، سرگودھا میں ماضی میں کبھی باقاعدہ پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم نہیں تھا اور عوام ٹوٹی پھوٹی گاڑیوں پر سفر کرنے پر مجبور تھے، مسافر بسوں کی چھتوں پر بیٹھنے پر مجبور ہوتے تھے جبکہ خواتین کو بھی شدید مشکلات کا سامنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے سرگودھا کو لینڈ مارک منصوبے دیے، جب تک موٹروے نہیں تھی سرگودھا کے لیے ترقی خواب تھی، مگر جیسے ہی شہر کو موٹروے سے جوڑا گیا ترقی کا عمل شروع ہوا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ سرگودھا نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی جلد فنکشنل ہو جائے گا تاکہ دل کے مریضوں کو فیصل آباد یا لاہور جانے کی ضرورت نہ پڑے۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے ترقی بڑے شہروں تک محدود رہتی تھی لیکن اب یہ عمل چھوٹے شہروں سے شروع ہو کر پورے پاکستان میں پھیلے گا۔
دوسری جانب صوبے میں حالیہ تباہ کن سیلاب کے حوالے سے مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب آیا جس سے 27 شہر اور 5 ہزار گاؤں متاثر ہوئے، سیلابی پانی آنے سے پہلے حکومت نے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا، جس کے باعث 25 لاکھ متاثرین کو ریلیف کیمپوں میں پہنچایا گیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بروقت اقدامات نہ ہوتے تو بھاری جانی نقصان ہوتا۔ متاثرہ گھروں کو 5 لاکھ روپے، بڑے جانوروں کے ضائع ہونے پر 5 لاکھ روپے اور چھوٹے جانوروں کے نقصان پر 50 ہزار روپے معاوضہ دیا جائے گا۔
سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ پچھلی حکومت نااہل اور نالائق تھی، اسی لیے پاکستان تنزلی کا شکار رہا، اس دور میں روز بری خبریں آتی تھیں اور کہا جاتا تھا کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے گا یا سری لنکا بن جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کے لیے خوشخبریاں لا رہی ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے بھارت کو جنگ میں شکست دی اور دشمن کو ہمیشہ یاد رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا سعودی عرب میں شاندار استقبال ہوا، جہاں پاکستانی پرچم لہرائے گئے اور ترانہ بجایا گیا۔ سعودی عرب نے واضح کیا ہے کہ پاکستان پر حملہ، سعودی عرب پر حملہ تصور ہوگا۔
مریم نواز نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ایک وقت تھا جب ایک وزیر اعظم کو جہاز سے اتارا گیا اور آج ایک شخص جیل میں بیٹھ کر ٹوئٹ کرتا ہے اور سمجھتا ہے کہ اس سے ملک میں ہلچل مچ جائے گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








