منگل، 2-دسمبر،2025
منگل 1447/06/11هـ (02-12-2025م)

نئے گیس کنکشن کے لیے اپلائی کرنے کا طریقہ کار سامنے آگیا

19 ستمبر, 2025 14:42

نئے گیس کنکشن کے لیے اپلائی کرنے کا طریقہ کار سامنے آگیا۔

حکومت نے تین سال بعد گھریلو صارفین کے لیے گیس کنکشن پر عائد پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، اور اس حوالے سے نئی پالیسی گائیڈ لائنز جاری کر دی گئی ہیں۔ پالیسی کے تحت صارفین اب آن لائن درخواست دے سکیں گے جبکہ ماضی میں ڈیمانڈ نوٹ جمع کرانے والے درخواست گزار بھی نئی اسکیم میں شامل ہوں گے۔

یہ فیصلہ وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا جس میں گھریلو صارفین کو آر ایل این جی (درآمدی گیس) کنکشنز فراہم کرنے کے لیے جامع روڈ میپ کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایم ڈی سوئی سدرن اور سوئی ناردرن نے بریفنگ دی کہ پہلے مرحلے میں بڑے پیمانے پر نئے کنکشن فراہم کیے جائیں گے۔

علی پرویز ملک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو آسان، محفوظ اور سستی توانائی فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایل پی جی کے مقابلے میں آر ایل این جی تقریباً 30 فیصد سستی اور گھریلو استعمال کے لیے زیادہ محفوظ ایندھن ہے۔ انہوں نے صارف دوست اور شفاف میکنزم کی تشکیل کی ہدایت کی۔

آن لائن درخواست کا طریقہ کار

اعلامیے کے مطابق صارفین سوئی ناردرن اور سوئی سدرن کی ویب سائٹس اور موبائل ایپلی کیشنز کے ذریعے آن لائن درخواست جمع کرا سکیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ درخواستیں متعلقہ کمپنیوں کے مقامی دفاتر میں بھی دی جا سکتی ہیں۔ وزیر پیٹرولیم نے دونوں سوئی کمپنیوں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اداروں میں پراجیکٹ مینجمنٹ آفس قائم کریں، جو درخواست سے لے کر کنکشن کی فراہمی تک کے عمل کی نگرانی کریں گے۔

ماضی کے درخواست دہندگان کے لیے ریلیف

نئی پالیسی کے تحت وہ صارفین جنہوں نے ماضی میں ڈیمانڈ نوٹ کی رقم جمع کروا رکھی ہے، انہیں نئی اسکیم میں شامل کیا جائے گا۔ ایسے درخواست دہندگان کو صرف سیکیورٹی فیس اور باقی واجبات جمع کروا کر آر ایل این جی کنکشن فراہم کیا جائے گا، جو ان کے لیے بڑا ریلیف ہے۔

مجوزہ فیس اور اخراجات

ذرائع کے مطابق معمول کے کنکشن کے لیے 18 ہزار روپے ڈیمانڈ نوٹ کی فیس جبکہ ارجنٹ کنکشن کے لیے 80 ہزار روپے فیس مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ 5 سے 10 مرلے کے گھروں کے لیے آر ایل این جی کنکشن کا تخمینہ 40 ہزار روپے لگایا گیا ہے، جس میں 20 ہزار روپے ڈیمانڈ نوٹس اور 20 ہزار روپے سیکیورٹی فیس شامل ہوں گے۔ 10 مرلے سے بڑے گھروں کے لیے ڈیمانڈ نوٹس 23 ہزار روپے اور سیکیورٹی فیس 20 ہزار روپے مقرر کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

وزیر پیٹرولیم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے اور اس منصوبے کو قابل رسائی، سستا اور مؤثر بنایا جائے، تاکہ ملک میں توانائی بحران کے خاتمے اور عوامی سہولت میں بہتری لائی جا سکے۔ نئی پالیسی کے تحت آئندہ مالی سال میں گھریلو گیس کنکشنز کی فراہمی کا باقاعدہ آغاز متوقع ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔