اوورسیز پاکستانیوں کو نادرا نے خوشخبری سنا دی

NADRA Brings Good News for Overseas Pakistanis
نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی کی جانب سے شروع کیا گیا پاکستان اوریجن کارڈ پروگرام بیرون ملک مقیم پاکستانی نژاد افراد کو وطن سے جوڑنے اور انہیں متعدد خصوصی سہولیات فراہم کرنے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔
پاکستان اوریجن کارڈ (پی او سی) ان افراد کے لیے ہے جو پاکستانی شہریت ترک کر چکے ہیں یا جن کے والدین پاکستانی تھے، اور وہ اب ایسے ممالک کی شہریت رکھتے ہیں جن کے ساتھ پاکستان کا دوہری شہریت کا معاہدہ نہیں ہے۔
پی او سی رکھنے والے افراد کو پاکستان میں بغیر ویزہ متعدد بار داخلے، غیر معینہ مدت تک قیام اور بغیر پولیس رپورٹنگ کے رہائش کی سہولت حاصل ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ وہ پاکستان میں جائیداد خریدنے، اس کا انتظام سنبھالنے، بینک اکاؤنٹ کھولنے، قومی شناختی کارڈ کے بجائے اسے بطور شناخت استعمال کرنے اور فوری امیگریشن کلیئرنس جیسی سہولیات سے بھی مستفید ہو سکتے ہیں۔ پی او سی ہولڈرز کے لیے پاکستان میں ملازمت کے مواقع بھی دستیاب ہیں۔
نادرا کی جانب سے جاری کردہ اسمارٹ پی او سی خصوصی طور پر ان افراد کے لیے ہے جنہوں نے یا جن کے والدین نے پاکستانی شہریت چھوڑ دی ہو اور وہ اب ایسے ممالک کے شہری ہیں جن کے ساتھ پاکستان کا دوہری شہریت کا معاہدہ نہیں۔ پاکستانی شہریوں کے غیر ملکی شریکِ حیات بھی اس کارڈ کے لیے اہل قرار دیے گئے ہیں۔
یہ پروگرام ان سابق پاکستانی شہریوں، پاکستانی نسب رکھنے والے غیر ملکی شہریوں اور پاکستانی یا سابق پاکستانی شہریوں سے شادی شدہ غیر ملکیوں کے لیے دستیاب ہے۔ تاہم بھارت، اسرائیل، تائیوان، غیر تسلیم شدہ یا دشمن ممالک کے شہری اس پروگرام سے استفادہ نہیں کر سکتے۔
واضح رہے کہ پاکستان کا 21 ممالک کے ساتھ دوہری شہریت کا معاہدہ موجود ہے، جن میں امریکہ، برطانیہ، کینیڈا، جرمنی اور آسٹریلیا شامل ہیں۔ اسمارٹ پی او سی کے لیے درخواست نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے دی جا سکتی ہے، جہاں نئی درخواست، تجدید، ترمیم یا منسوخی جیسے تمام مراحل آن لائن مکمل کیے جا سکتے ہیں۔
یہ پروگرام بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور ان کے خاندانوں کے لیے اپنی شناخت برقرار رکھنے اور قانونی پیچیدگیوں کے بغیر وطن سے جڑے رہنے کا ایک اہم اور سہل ذریعہ بن کر سامنے آیا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.
خاص خبریں
Advertisement