منگل، 14-اکتوبر،2025
منگل 1447/04/22هـ (14-10-2025م)

گلوبل صمود فلوٹیلا؛ ہم غزہ جائیں گے یہ ہمیں بین الاقوامی قانون اجازت دیتا ہے؛ سینیٹر مشتاق احمد خان نے اسرائیلی دباؤ کو مسترد کردیا

23 ستمبر, 2025 12:30

یونان: دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے انسانی حقوق کارکنان، سیاست دان، ڈاکٹرز، وکلا، فنکار اور تنظیموں کے نمائندگان پر مشتمل تقریباً 50 کشتیوں پر بنا امدادی بیڑا یونان کی سمندری حدود میں داخل ہو چکا ہے۔

اس قافلے میں 45 ممالک کے 500 سے زائد افراد شریک ہیں جن کا مقصد اسرائیل کے محاصرے کے باعث محصور غزہ تک خوراک اور ادویات پہنچانا ہے۔

فریڈم فلوٹیلا کولیشن کے زیر انتظام اس بیڑے نے 31 اگست کو اسپین کے شہر بارسلونا سے سفر شروع کیا تھا، جس کے بعد قافلہ تیونس سے روانہ ہوا۔

4 ستمبر کو تیونس کی بندرگاہ سیدی بوسعید پر ٹریننگ کے بعد بیڑا بحیرہ روم میں داخل ہوا۔

منتظمین کے مطابق یہ تمام کشتیاں بین الاقوامی پانی میں سفر کر رہی ہیں، جو کہ قانونی ہے۔

22 ستمبر کی شام بیڑا یونان کے جزیرے کریٹی کے قریب پہنچ گیا، جہاں ری فیولنگ اور ضروری مکینیکل کام کے بعد غزہ کی جانب فیصلہ کن سفر کا آغاز کیا جائے گا۔

قافلے کے منتظمین کے مطابق، ڈرونز کی نگرانی کے باوجود کوئی بڑا واقعہ پیش نہیں آیا تاہم وہ خطرات کے باوجود غزہ کا محاصرہ توڑنے کے لیے پرعزم ہیں۔

پاکستان کی نمائندگی سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کر رہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ کشتیوں میں خوراک، ادویات، بچوں کے لیے فارمولا دودھ اور دیگر ضروری سامان موجود ہے، اور قافلے کا مقصد صرف اور صرف غزہ کے عوام کو براہِ راست امداد پہنچانا ہے۔

ماضی میں بھی اس نوعیت کے قافلوں کو اسرائیلی کارروائیوں کا سامنا رہا ہے، تاہم منتظمین پر امید ہیں کہ یہ بیڑا اپنی منزل تک پہنچنے میں کامیاب ہوگا۔

گلوبل صمود فلوٹیلا کو غزہ کی ناکہ بندی توڑنے نہیں دیا جائے گا، اسرائیل کی دھمکی

تل ابیب: اسرائیل نے واضح اعلان کیا ہے کہ وہ غزہ کی جانب روانہ امدادی بیڑے کو اپنی بحری ناکہ بندی عبور کرنے کی اجازت نہیں دے گا، اسرائیلی وزارتِ خارجہ کے مطابق، فلوٹیلا میں شامل کسی بھی کشتی کو جنگی علاقے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ملے گی۔

حکام نے پیشکش کی ہے کہ امدادی سامان عسقلان کی بندرگاہ پر اتارا جا سکتا ہے، جہاں سے یہ غزہ تک پہنچایا جائے گا۔ اسرائیل کا مؤقف ہے کہ اگر شرکاء کا مقصد خالصتاً انسانی بنیادوں پر امداد پہنچانا ہے تو انہیں اس راستے پر عمل کرنا ہوگا۔

بیان میں مزید الزام لگایا گیا کہ یہ فلوٹیلا دراصل حماس کے مفادات کے لیے سرگرم ہے۔ اس بیڑے میں کئی ممالک کے کارکن شامل ہیں جن میں سویڈن کی ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ اور پاکستان سے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کے ساتھ آزاد کشمیر کے وزیر اطلاعات پیر مظہر سعید شاہ بھی شریک ہیں۔

یاد رہے کہ فلوٹیلا کے منتظمین نے پہلے ہی دعویٰ کیا تھا کہ تیونس میں قیام کے دوران ان کی دو کشتیوں پر ڈرون حملے کیے گئے۔ رواں سال جون اور جولائی میں بھی امدادی قافلے غزہ پہنچنے کی کوشش کر چکے ہیں، تاہم اسرائیلی فوج نے ان کارکنوں کو گرفتار کر کے روک دیا تھا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔