سندھ حکومت کے روزگار کارڈ کیلئے آن لائن اپلائی کرنے کا طریقہ جان لیں

Learn How to Apply Online for Sindh Government’s Employment Card
سندھ حکومت نے صوبے بھر کے رجسٹرڈ صنعتی مزدوروں کے لیے ایک اہم اور انقلابی منصوبہ ’’ویلفیئر کارڈ‘‘ متعارف کرا دیا ہے۔
یہ پروگرام ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے متعدد فلاحی سہولیات مہیا کرتا ہے، جن میں مفت حادثاتی ہیلتھ انشورنس، مالی امداد، روزگار سے متعلق سہولتیں اور دیگر ویلفیئر فنڈز شامل ہیں۔
حکام کے مطابق رجسٹرڈ مزدوروں کو سالانہ 7 لاکھ روپے تک کی مفت حادثاتی ہیلتھ انشورنس کی سہولت حاصل ہوگی، جو ملک بھر میں 270 سے زائد اسپتالوں میں کیش لیس علاج کی صورت میں دستیاب ہوگی۔
اس سہولت کا اطلاق 24 گھنٹے، ڈیوٹی اور آف ڈیوٹی دونوں اوقات میں کیا جائے گا، تاہم یہ صرف حادثاتی نوعیت کے مسائل پر لاگو ہوگی۔ مزدوروں کی اہلیت کی تصدیق نادرا، ای او بی آئی اور ملازمت کے ریکارڈ سے منسلک ڈیجیٹل نظام کے تحت فوری طور پر کی جائے گی۔
اس پروگرام کے تحت مزدوروں کو اضافی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی، جن میں 10 ہزار ای-موٹر سائیکلیں، سلائی مشینیں اور دیگر ضروری اشیاء کی تقسیم شامل ہے۔ اس کے علاوہ موت کے بعد مالی معاونت، شادی فنڈ، تعلیمی وظائف اور دیگر فلاحی امداد بھی دستیاب ہوگی۔
سندھ ویلفیئر کارڈ کے لیے کسی کاغذی کارروائی کی ضرورت نہیں، کیونکہ یہ مکمل طور پر ڈیجیٹل سسٹم پر مبنی ہے۔ تمام سہولیات مزدور کے شناختی کارڈ سے منسلک ڈیجیٹل پروفائل کے ذریعے دستیاب ہوں گی، جس تک رسائی www.wwbs.gos.pk
پر ممکن ہے۔ مزدور اپنی رجسٹریشن مکمل کرنے کے لیے https://wwcs.wwbs.gos.pk:444/
پر جا کر اپنا شناختی کارڈ نمبر، ملازمت اور صنعت سے متعلق معلومات فراہم کریں گے، جس کے بعد سسٹم خودکار طور پر ان کی اہلیت کی تصدیق کرے گا اور ان کا ڈیجیٹل پروفائل فعال ہو جائے گا۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ سہولت صرف رجسٹرڈ صنعتی مزدوروں کے لیے مخصوص ہے، اور ان کے زیر کفالت افراد فی الحال اس پروگرام کا حصہ نہیں ہوں گے۔ اس اقدام کو محنت کش طبقے کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے ان کی فلاح و بہبود میں نمایاں بہتری کی امید ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.